آئی آئی ٹی داخلہ ٹسٹ میں مسلم طلبہ سے شرکت کی اپیل

مونگیر۔ 2؍مارچ (پریس نوٹ)۔ مسلم طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی میدان میں کامیابی کے لئے رحمانی فاؤنڈیشن کے تحت رحمانی 30 نے ڈیجی پی بہار جناب ابھیانندجی کی نگرانی میں جو شاندار تعلیمی سفر شروع کیا ہے، اس میں روز بروز ترقی ہوتی جارہی ہے اور رحمانی 30 کے روح روح رواں مفکر اسلام مولانا محمد ولی رحمانی کی اونچی سوچ اور بلند فکر کے نتیجہ میں اس ادارہ میں مسلم طلبہ کی ایسی تعلیم و تربیت کی جارہی ہے کہ وہ آئی آئی ٹی میں کامیابی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں بھی شاندار کامیابی حاصل کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار جناب مکھے کمال حسن جوائنٹ سکریٹری انجمن حمایت اسلام مونگیر نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی (جے ای ای) کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ رحمانی 30 کے ذریعہ میڈیکل اور وکالت کی تربیت بھی مسلم طلبہ کو دی جارہی ہے تاکہ مسلم طلبہ اعلیٰ تعلیمی میدان میںآگے بڑھیں اور شاندار کامیابی حاصل کرکے اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے ساتھ ساتھ ملک وملت کا نام روشن کریں۔ انھوں نے کہا کہ رحمانی ۳۰ نے 2016ء کے لئے آئی آئی ٹی کی تیاری کے داخلہ ٹسٹ کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ یہ ٹسٹ 13 اپریل 2014ء کو 11 بجے دن سے 2 بجے تک بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، مہاراشٹرا، مدھیہ پردیش، اترپردیش، دہلی، منی پور، گجرات، آندھرا پردیش اور ٹامل ناڈو کے صوبوںمیں ہوگا۔ مسلم طلبہ اور ذمہ داروں کو اس طرف متوجہ ہونا چاہئے اور داخلہ ٹسٹ میں زیادہ سے زیادہ شریک ہونا چاہئے۔ جناب کمال حسن نے کہا کہ رحمانی ۳۰ وہ ادارہ ہے جس نے نازک حالات میں مسلم طلبہ کو آئی آئی ٹی میںکامیابی دلاکر حوصلہ بخشا ہے۔ جس حوصلہ اور ہمت کے نتیجہ میں وہاں کے طلبہ آج بین الاقوامی سطح کے معیاری مقابلوںمیں کامیابی کا ریکارڈ قائم کررہے ہیں۔