چندرائن گٹہ حملہ کیس میں نوڈل آفیسر اے وی کے نائیڈو کا بیان قلمبند، وکیل دفاع کی جرح
حیدرآباد۔/24جنوری، ( سیاست نیوز) چندرائن گٹہ حملہ کیس کی روزانہ کی اساس پر جاری سماعت کے دوران آج آئیڈیا سیلولر لمیٹیڈ (سرویس پروائیڈر ) کے نوڈل آفیسر مسٹر اے وی کے نائیڈو نے حاضر عدالت ہوکر اپنا بیان قلمبند کروایا۔ گواہ نے اپنے بیان میں دو موبائیل فون نمبرات کے کال ڈیٹا ریکارڈس کی تصدیق کی اور بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 28 مئی سال 2011کو اسوقت کے نوڈل آفیسر مسٹر پی پرشوتم کو دو موبائیل فون نمبرات کے کال ڈیٹا اور دیگر تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست موصول ہوئی تھی جس پر پرشوتم نے آئیڈیا سیلولر کے لیٹر ہیڈ پر نمبرات کی تفصیلات فراہم کئے تھے۔ بیان کے دوران وکیل دفاع ایڈوکیٹ جی ایس گرومورتی نے استغاثہ کی جانب سے موبائیل فون نمبرات کی تفصیلات کی فہرست نوڈل آفیسر اے وی کے نائیڈو کی جانب سے پیش کئے جانے پر اعتراض کیا اور کہا کہ ان دستاویزات پر موجودہ نوڈل آفیسر کی دستخط موجود نہیں ہے اور اسے قبول نہ کیا جائے۔ اسپیشل پبلک پراسیکوٹر مسٹر اوما مہیشورراؤ نے عدالت کو بتایا کہ موبائیل فون نمبرات سے متعلق دستاویزات تصدیق شدہ ہیں اور قابل قبول ہیں اور سابقہ نوڈل آفیسر پرشوتم کی دستخط بھی موجود ہے۔ وکیل دفاع کی جانب سے کی گئی جرح کے دوران مسٹر نائیڈو نے بتایا کہ وہ سابق میں اڑیسہ بھوبنیشور میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ گواہ نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے فراہم کئے گئے کال ڈیٹا ریکارڈس کے دستاویزات پر تحریر کردہ دو ناموں عبداللہ یافعی اور عیسیٰ یافعی سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ گواہ نے بتایا کہ دو موبائیل فون نمبرات کے درمیان ہوئی بات چیت کی تفصیلات نہیں بتائی جاسکتی چونکہ وہ ان کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔ کیس کی سماعت کے موقع پر محمد بن عمر یافعی المعروف محمد پہلوان اور ان کے دیگر افراد خاندان کو سیکورٹی کے درمیان چرلہ پلی جیل سے عدالت لایا گیا۔