میکسیکو ۔ 7 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) میکسیکو کے نو منتخب صدر آندریاس مانویل لوپیز کا کہنا ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی اُن کے ملک کو سرحد پر دیوار کی تعمیر سے نہیں دھمکائے گا۔ لوپیز کا یہ موقف امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کے جواب میں سامنے آیا ہے۔پیر کے روز اپنے بیان میں لوپیز کا مزید کہنا تھا کہ ’’میکسیکو ایک طاقت بن جائے گا اور طاقت کا توازن بھی تبدیل کر دے گا۔ آئندہ کوئی بھی ہماری سرحد کی بندش، سرحد پر فوج کی تعیناتی یا دیوار کی تعمیر کے حوالے سے ہمیں دھمکی نہیں دے گا‘‘۔انہوں نے یقین کے ساتھ کہا کہ میکسیکو میں زبردست ترقی ہوگی اور روزگار کے مواقع ہوں گے ۔ نومنتخب صدر یکم دسمبر کو اپنا منصب سنبھالیں گے۔دونوں ملکوں کے درمیان متعدد موضوعات پر بڑھتے اختلافات کے ماحول میں گزشتہ ماہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے میکسیکو میں نو منتخب صدر سے ’’دوستانہ ملاقات‘‘ کی۔