ڈرائیور کی کارستانی کیمرے میں قید، مقتول صحافی نے ریت مافیا ۔پولیس گٹھ جوڑ بے نقاب کیا تھا
بھوپال؍ بھنڈ۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے بھنڈمیں پیش آئے افسوسناک واقعہ میں ایک ٹی وی جرنلسٹ کو پولیس اسٹیشن کے سامنے ایک ٹرک نے کچل کر ہلاک کردیا۔ یہ حادثہ ایک ایسے وقت پیش آیا جب ایک روز قبل ہی مقتول ٹی وی جرنلسٹ نے بھنڈ میں ریت مافیا کی جانب سے غیرقانونی طریقے سے ریت کی منتقلی پر اسٹنگ آپریشن کرتے ہوئے ریت مافیا اور پولیس کے درمیان گٹھ جوڑ کو بے نقاب کیا تھا۔ حکومت مدھیہ پردیش نے کہا کہ اس معاملے میں حکومت ، سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کرے گی۔ دریں اثناء ٹرک ڈرائیور جس نے مذکورہ جرنلسٹ پر ٹرک چڑھا دی تھی، کو پولیس نے گزشتہ رات گرفتار کرلیا۔ واضح رہے کہ 35 سالہ سندیپ شرما جو ایک خانگی ٹی وی چیانل کیلئے کام کرتے تھے، بھنڈ میں ضلع انتظامیہ سے شکایت کی تھی کہ غیرقانونی طریقے سے ریت کی منتقلی کے خلاف اسٹنگ آپریشن کے بعد انہیں جان سے ماردینے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ سندیپ شرما جو اٹر روڈ سائیڈ پر پولیس اسٹیشن کے سامنے فون پر بات کرتے ہوئے بائیک چلا رہے تھے ، اسی دوران ریت سے بھری ٹرک نے انہیں سامنے سے روند ڈالا۔ پولیس نے آج یہ بات کہی۔ اطلاع ملنے پر چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے آج متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سندیپ شرما کی موت کے معاملے میں سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کریں۔ پولیس نے اب تک اس معاملے کوایک عام حادثہ دکھاکر معاملہ درج کر لیا ہے لیکن سندیپ شرما کے بھانجے نے قتل کا الزام لگایا ہے۔انہوں نے اٹیرکے ایس ڈی او پی رہے اندرویر بھدوریا کو قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اسٹنگ کرنے کے بعد سے ہی ان کو جان سے مارنے کی دھمکی مل رہی تھی۔اس دھمکی کے بارے میں سندیپ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو بھی خط لکھا تھا۔سندیپ نے تحفظ کی مانگ بھی کی تھی۔اطلاع کے مطابق سندیپ شرما پیر کی صبح قریب 8:30 بجے اپنی موٹرسائیکل سے جا رہے تھے۔ بھنڈ کوتوالی سے کچھ قدم پہلے ایک ٹرک نے ان کو کچل دیا اور آگے نکل گیا۔ ٹرک کے ذریعے کچلے جانے کا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہے۔