اُردو زبان کو مقبول بنانے گورنر نجمہ کی اپیل

امپھال ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گورنر منی پور نجمہ ہپت اللہ نے کہا ہے کہ اُردو زبان کو ریاست کے عوام میں مقبول بنانے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ روز قومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان کے زیراہتمام ایک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ عوام کو یہ زبان سیکھنے کی ترغیب دینا چاہئے۔ اگر مناسب پروگرام او پالیسیوں پر عمل کیا جائے تو اُردو عوام کی زبان بن سکتی ہے۔ گورنر نے کہاکہ منی پور میں نوجوانوں کو بھی اُردو سکھائی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کونسل پر زور دیا کہ عملی اقدامات کریں تاکہ یہ زبان سیکھنے والے بھی معقول آمدنی پیدا کرسکیں۔ یہ قومی کونسل وزارت فروغ انسانی وسائل کے تحت خودمختار ادارہ ہے۔ یہ کونسل ملک بھر میں اپنی مختلف اسکیمات کے ذریعہ اُردو زبان کے فروغ، اُس کے پھیلاؤ اور اُس کی ترویج میں مشغول ہے۔