ادھاگا منڈلم (اوٹی) ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک چیتے کے یہاں تین افراد کو ہلاک کرنے کے واقعہ کے بعد حکام نے یہاں موجود 45 اسکولس کو دو دنوں کی تعطیل کا اعلان کیا ہے جو تین مواضعات میں چلائے جاتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ دوڈا بیٹا میں سیاحوں کی آمد پر امتناع عائد کردیا ہے۔ یاد رہے کہ چیتے نے اندرون پانچ روز تین افراد کو جن میں دو خواتین تھیں، نشانہ بناتے ہوئے ہلاک کردیا تھا جس کے بعد سیاحت کیلئے مشہور اس ٹاؤن میں خوف و سراسیمگی پھیل گئی۔ آدم خور چیتے کو پکڑنے کیلئے پولیس، محکمہ جنگلات کے ملازمین اور ستیہ منگلم سے تعلق رکھنے والی ٹاسک فورس نے ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی ہے۔
مذکورہ آدم خور چیتا اس علاقہ کے 20 تا 25 کیلو میٹر علاقے میں دیکھا جارہا ہے۔ نیلگیریز ڈسٹرکٹ کلکٹر پی شنکر نے اخباری نمائندوں کو یہ تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے زیادہ تشویش کی بات اسکولی بچوں کا تحفظ تھا۔ لہٰذا چیتے کی تلاش کے دوران تمام اسکولس کو تعطیلات دی گئی ہیں اور اولیائے طلباء کو ہدایت کی گئی ہیکہ وہ اپنے بچوں کو کم از کم دو دن تک گھر سے باہر نکلنے نہ دیں۔ چیتے کو تلاش کرنے کیلئے چھ پنجروں کے ساتھ ایک ٹیم جنگلوں میں گشت کررہی ہے اور ضرورت پڑنے پر تین کمکیز (سدھائے ہوئے ہاتھی) کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی تاکہ تلاش کرنے والے ہاتھیوں کی پیٹھ پر بیٹھ کر جنگل میں گشت کرسکیں کیونکہ ہاتھی کی پیٹھ پر بیٹھ کر جنگل کے خطرناک علاقوں سے گزرنا محفوظ ترین تصور کیا جاتا ہے۔