نئی دہلی 16 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اوڈیشہ میں حالیہ سیلاب میں انسانی جانوں کے اتلاف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے مہلوکین کیلئے فی کس 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے سیلاب میں زخمیوں کیلئے فی کس پچاس ہزار روپئے امداد کا بھی اعلان کیا ہے ۔ دفتر وزیر اعظم کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے جاری کی گئی ہے اور ضلع کلکٹرس کو جاری کی جائیگی جو متاثرین تک پہونچا دیں گے ۔
ٹرین کی دو پہیہ گاڑی کو ٹکر
تین افراد ہلاک
اریالور ( ٹاملناڈو ) 16 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹاملناڈو میں ایک بے پہرہ لیول کراسنگ پر ایک ٹرین کے دو پہیہ گاڑی کو ٹکر دینے کے نتیجہ میں ایک خاندان کے تین افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک کمسن لڑکا اور اس کی ماں بھی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ایک ٹو وہیلر پر انا دورائی ‘ اس کی شریک حیات اور دختر کے علاوہ اس کے نواسے گیٹ کیپر کی وارننگ کے باوجود پٹریاں عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ مخالف سمت سے آنے والی ٹرین نے انہیں ٹکر دیدی اور انا دورائی ‘ اس کی دختر امسا ولی اور اس کا نواسہ ستیش برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ گرووایور ایکسپریس نے اس کی گاڑی کو ٹکر دی تھی ۔ انا دورائی کی شریک حیات تاہم بچ گئی کیونکہ وہ بروقت گاڑی سے کودنے میں کامیاب ہوگئی تھی ۔ انا دورائی اپنے پوتے کو دواخانہ لیجارہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔