حکومت سے سچ کہنے پر مستعفی وزیر کو کانگریس کی مبارکباد
نئی دہلی ۔ 10 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) آر ایل ایس پی کے صدر اوپیندر کشواہا نے پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کے آغاز سے ایک دن قبل آج مرکزی ومجلس وزراء سے استعفیٰ دیدیا ۔ ان کی پارٹی کے ذرائع نے کہاکہ وہ چونکہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے سے علحدگی اختیار کررہے ہیں چنانچہ انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو اپنا استعفیٰ روانہ کردیا ۔ راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آر ایس ایل پی ) کے صدر کشواہا بی جے پی اور اس کی حلیف بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کو گزشتہ کئی ہفتوں سے تنقید کا نشانہ بنارہے تھے ۔ بی جے پی نے کہاتھا کہ 2019 ء کے انتخابات میں آر ایس ایل پی کو دو سے زائد نشستیں نہیں دی جائیں گی جس کے بعد سے وہ اس زعفرانی جماعت سے ناراض تھے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ کشواہا اب بشمول کانگریس یا آر جے ڈی اپوزیشن سے مفاہمت کرسکتے ہیں۔ اس دوران کانگریس نے کشواہا کو مبارکباد دی ہے ۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ’’اقتدار سے سچ کہنے پر کشواہا جی کو مبارکباد ۔ آئیے ایک نیا بھارت بنائیں‘‘ ۔ سرجے والا نے کہاکہ کشواہا نے وزیراعظم کو مسترد کردیا اور این ڈی اے سے علحدہ ہونے کا فیصلہ کرلیا کیونکہ بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار اور بی جے پی کی طرف سے کسانوں ، نوجوانوں ، خواتین اور غریبوں کو مسلسل ہراسانی پر ناراض اور فکرمند تھے ۔