منتخب امیدواروں کی فہرست کی اجرائی ، طلبہ کے اکاونٹس میں رقم کی منتقلی عمل میں آئے گی
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے غریب اقلیتی طلبہ کو بیرون ملک یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے سلسلہ میں اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت 210 امیدواروں کا انتخاب کیا ہے جو اس اسکیم سے استفادہ کے اہل ہیں۔ اقلیتی بہبود کی جانب سے موصولہ 513 درخواستوں کی جانچ کے بعد تمام شرائط کی تکمیل کرنے والے 210امیدواروں کو منتخب کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج منتخب امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ منتخب 210 امیدواروں میں 191مسلمان، 17کرسچین، سکھ اور جین طبقہ کا ایک، ایک امیدوار شامل ہے۔ اس کے علاوہ 24 طالبات کو بھی اسکیم سے استفادہ کا اہل قرار دیا گیا۔ حیدرآباد سے 385 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جن میں 137کو اہل قرار دیا گیا۔ دیگر اضلاع سے منتخب امیدواروں میں رنگاریڈی 25 ، ورنگل 9 ، عادل آباد 6 ، کریم نگر 8 ، محبوب نگر 7 ، میدک 8 ، نلگنڈہ 6، نظام آباد 3 اور کھمم (1) شامل ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت نے پہلے مرحلہ میں 280امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کئے تھے لیکن بعد میں مکمل شرائط کی جانچ کے ذریعہ 210امیدواروں کو اہل قرار دیا گیا۔210امیدواروں کو قطعیت دیئے جانے کے بارے میں سب سے پہلے روز نامہ ’سیاست‘ نے انکشاف کیا تھا۔ منتخب امیدواروں کی فہرست سنٹر فار گڈ گورننس کی ویب سائیٹ پر جاری کردی گئی ہے اور امیدوار اپنے درخواست فارم کی تفصیلات داخل کرتے ہوئے آن لائن موقف کا پتہ چلا سکتے ہیں۔ امیدواروں کے انتخاب کیلئے سکریٹری اقلیتی بہبود کی قیادت میں اسکریننگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے کنوینر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر ہیں۔ حکومت نے ایس سی، ایس ٹی طبقات کے مماثل اقلیتی امیدواروں کیلئے بھی شرائط مقرر کی تھی اور جی آر ای اور جی میٹ امتحانات کے لزوم کے باعث پہلے مرحلہ میں منتخب کی گئی 70 درخواستوں کو مسترد کردیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت حکومت غریب، یتیم اور بے سہارا بچوں کو بیرون ملک کی معیاری یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے میں مدد کرنا چاہتی ہے۔ دو مراحل میں امیدواروں کو 10لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ طلبہ معیاری یونیورسٹیز میں داخلہ لیں تاکہ ان کا مستقبل تابناک ہو۔ طلبہ کو مختصر مدتی کورس میں داخلہ لینے کی صورت میں اسکالر شپ فراہم نہیں کی جائے گی انہیں کم سے کم دو سالہ کورس میں داخلہ لینا ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ اوورسیز اسکالر شپ اسکیم آئندہ بھی جاری رہے گی اور دوسرے مرحلہ میں درخواستیں جنوری میں طلب کی جائیں گی۔ غریب اور مستحق طلبہ آئندہ بھی اس اسکیم سے استفادہ کرپائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ درخواستوں میں 40فیصد امیدواروں کو اہل قرار دیا گیا ہے۔ اسکالر شپ کی رقم راست طور پر طلبہ کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔