جملہ 411 درخواستیں موصول،اندرون ایک ہفتہ فہرست کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 20۔ مارچ (سیاست نیوز) اوورسیز اسکالرشپ اسکیم فال سیزن 2018 ء کے لئے 248 طلبہ کا انتخاب کیا گیا ہے جو بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے حکومت کی 20 لاکھ روپئے اسکالرشپ کے اہل ہے۔ امیدواروں کے انتخاب سے متعلق اسکریننگ کمیٹی نے 411 درخواستوں میں سے 248 درخواستوں کو منتخب کیا۔ اسپرنگ سیزن میں 252 طلبہ کو اسکالرشپ کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اوورسیز اسکالرشپ کیلئے جملہ 411 درخواستیں داخل کی گئی تھی جن میں 358 مسلم ، 48 عیسائی ، 8 سکھ اور 4 جین شامل ہیں ۔ ان میں سے تمام قواعد کی تکمیل اور میرٹ کا جائزہ لیتے ہوئے 248 کو منتخب کیا گیا ہے ۔ جملہ 217 مسلم طلبہ منتخب قرار دیئے گئے جن میں 184 بوائز اور 72 گرلز شامل ہیں۔ عیسائی طبقہ کی 28 درخواستوں کو اہل قرار دیا گیا ہے جن میں 19 گرلز اور 9 بوائز شامل ہیں ۔ جین طبقہ کی 4 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں دو اہل قرار دیئے گئے ۔ سکھ طبقہ سے صرف ایک درخواست موصول ہوئیں جسے منتخب کرلیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 92 تا 62 فیصد نشانات رکھنے والے طلبہ کو منتخب کیا گیا۔ مسلمانوں میں منتخب کئے گئے طلبہ کا فیصد 72 رہا جبکہ طالبات میں 62 فیصد نشانات کے حامل امیدواروں منتخب کیا گیا ۔ منتخب امیدواروں کی فہرست سنٹر فار گڈ گورننس کو روانہ کردی گئی ہے جہاں پھر ایک بار مکمل جانچ کی جائے گی اور ریاستی سطح کی کمیٹی اس فہرست کو منظوری دے گی۔ حکومت نے بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مزید سہولت پیدا کرنے کیلئے ممالک کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسکریننگ کمیٹی کے صدرنشین ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس ہیں۔