اورینٹ سمنٹ 2 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کریگی

سی کے برلا گروپ اور حکومت تلنگانہ کے مابین معاہدہ پر دستخط
حیدرآباد ۔6 اگست ( سیاست نیوز) وزیر صنعت کے ٹی آر اور صدرنشین برلا گروپ سی کے برلا کی موجودگی میں حکومت تلنگانہ اور سی کے برلا گروپ نے ایک معاہدے پر دستخط کئے اورینٹ سمنٹ گروپ تلنگانہ میں 2ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرے گا جس سے 4ہزار راست اور 4ہزار بالواسطہ ملازمتیں فراہم ہونگی ۔ کے ٹی آر نے مقامی نوجوانوں کو اہمیت دینے پر زور دیا ۔ سی کے برلا نے تلنگانہ میں صنعت دوست ماحول اور حکومت کی جانب سے سرمایہ داروں کا سرخ قالین استقبال کرنے کا خیرمقدم کیا ۔ تلنگانہ میں سرگرم اورینٹ سمنٹ فیکٹری نے اپنے توسیعی منصوبہ کا اعلان کیا ۔ منچریال کے ریوپور میں موجود سی کے برلا گروپ سمنٹ کمپنی نے دو ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ۔ برلا گروپ صدرنشین نے جلد توسیعی پراجکٹ کیلئے مرکز سے منظوری ملنے کی توقع ظاہر کی ۔ انہوں نے تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام کو دوستانہ ماحول دستیاب ہونے کی ستائش کی ۔ تلنگانہ نئی ریاست ہونے کے باوجود صنعتوں کے قیام کے معاملہ میں ملک کی دوسری ریاستوں کو راہ دکھا رہی ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی صنعتی پالیسی کو لاجواب قرار دیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں نئی صنعتوں کے قیام کو حکومت کی جانب سے تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ بند پڑی کمپنیوں کا احیاکرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرپور کاغذ مل کا دوبارہ احیاء بڑی کامیابی ہے ۔ معاہدے سے تلنگانہ میں 2ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہورہی ہے ۔ وزیر صنعت نے روزگار میں مقامی نوجوانوں کو اہمیت دینے پر زور دیا ‘ضرورت پر نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔