واشنگٹن 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)صدر امریکہ بارک اوباما نے مسلم قائدین سے ملاقات کی اور کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جس میں خوفناک دولت اسلامیہ اور اُس کی ہولناک دہشت گردی کی کارستانیاں شامل تھیں۔ صدر امریکہ نے دولت اسلامیہ اور دیگر گروپس کا مقابلہ کرنے میں تسلسل کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اسلام کے نام پر یہ لوگ ہولناک پُر تشدد حرکات کا ارتکاب کررہے ہیں۔ انہوں نے مسلم امریکیوں کی امریکہ کیلئے خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے بات چیت میں شریک افراد کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی وابستگی میں ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تبادلے خیال کے اجلاسوں سے مزید مواقع حاصل ہوں گے جن کے ہم منتظر ہیں۔ اوباما نے شریک افراد کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ کئی اہم مسائل پر انہوں نے اپنے نقاط نظر پیش کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف فرقوں کے ساتھ باقاعدہ تبادلے خیال سے انہیں قابل قدر معلومات اور بصیرت حاصل ہوئی ہے ۔ وائیٹ ہاوز سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ کئی اندرون ملک مسائل پر حکومت اور مسلم فرقہ کے درمیان تعاون پر بات چیت کی گئی ۔ مسلم دشمن تشدد اور تعصب بھی بات چیت کا موضوع تھے۔ اوباما نے ایک بار پھر توثیق کی کہ انتظامیہ شہری حقوق کے تحفظ کا اور نفرت انگیز جرائم پر مقدمہ چلانے اور ضروری کارروائی کرنے کا پابند ہے ۔