اوباما ۔ سوچی ملاقات ، اصلاحات پر زور

یانگون ، 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے آج یانگون میں میانمار کی نوبل انعام یافتہ اپوزیشن رہنما آنگ سان سوچی سے ملاقات کی ہے۔ بعدازاں پریس کانفرنس میں اوباما نے کہا کہ وہ میانمار میں مزید اصلاحات کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر سوچی نے کہا کہ میانمار میں جاری اصلاحاتی عمل ان دنوں مشکل مراحل سے گزر رہا ہے۔ امریکی حکام اور میانمار میں اصلاحات کیلئے کام کرنے والی قوتوں کے مابین اختلافات کی خبروں پر انھوں نے کہا کہ فریقین کچھ معاملات کو مختلف انداز سے دیکھتے ہیں، تاہم دونوں کے باہمی روابط کافی مضبوط ہیں۔ امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ اس جنوب مشرقی ایشیائی مملکت میں اصلاحات کا عمل ہر گز مکمل نہیں ہوا ہے۔