اوباما ۔ سونیا ملاقات کا موضوع :نیو کلیئر معاہدہ

نئی دہلی 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان اور امریکہ کے درمیان کئی شعبوں میں باہمی تعاون اور تاریخ ساز سیول نیوکلیر معاہدہ پر عمل آوری سمجھا جاتا ہے کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی صدر امریکہ بارک اوباما سے ملاقات کا موضوع تھا ۔ دفاعی امور کے مسائل کے وسیع حلقے پر تبادلے خیال کیا گیا جیسے عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کا خطرہ اور دونوں فریقین کے مشترکہ اثاثہ جات اور اندیشے اس ملاقات کی گفتگو کا اہم موضوع تھے ۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی اور سابق وزیر تجارت آنند شرما بھی کانگریس کے وفد میں شامل تھے جس نے صدر امریکہ اور خاتون اول امریکہ سے آئی ٹی سی موریا ہوٹل میں ملاقات کی جہاں امریکہ کا یہ جوڑا مقیم تھا ۔ سابق وزیر اعظم نے سمجھا جاتا ہے کہ سب کو ساتھ لیکر چلنے اور پائیدار ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ہندوستان جیسے ملک میں جہاں عوام کی کثیر تعداد موجود ہیں اصلاحات کا انداز ’’انسانی ‘‘ہونا چاہئے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان قریبی معاشی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا ۔ سابق مرکزی وزیر شرما نے کہا کہ کانگریس کے وفد کی اوباما سے ملاقات’’ انتہائی مثبت ‘‘اور دونوں فریقین نے باہمی ،علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر باہمی تعاون کے کئی مسائل پر تبادلے خیال کیا ۔