اوباما کی ہندوستان کے تاریخی دو رہ پر آج آمد

واشنگٹن ؍ نئی دہلی ، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر براک اوباما ہندوستان کے سہ روزہ تاریخی دو رہ پر کل یہاں پہونچ رہے ہیں ۔ توقع ہے کہ دونوں ممالک کے مابین ماحولیاتی تبدیلی ، دفاعی و معاشی تعاون کو ایک نئی جہت ملے گی ۔ اوباما کے اس دورہ کا شیڈول تبدیل کیا گیا ہے اور انہیں ’’افسوس‘‘ ہے کہ وہ کل شروع ہونے والے اپنے سہ روزہ دورۂ ہندوستان کے دوران آگرہ جانے سے قاصر رہیں گے، وائیٹ ہاؤس نے آج یہ بات کہی۔

اس سفر پر جس کا کافی دنوں سے انتظار رہا ہے، صدر اوباما اپنے وطن سے آج روانہ ہوگئے ہیں۔ اُن کے صدارتی طیارہ ایرفورس ون نے اینڈریوز ایرفورس بیس سے اُڑان بھری۔ یہ طیارہ جرمنی کے رامسٹین میں مختصر ’ری فیولنگ ‘ توقف کرے گا اور دہلی میں اتوار کو صبح 10 بجے ایر فورس اسٹیشن ، پالم میں اُترے گا۔ امریکی صدر کے ہمراہ قابل لحاظ وفد ہے جس میں کئی اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ خاتون اول میشل بھی شامل ہیں۔ اوباما ہندوستان کا سفر وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر کررہے ہیں۔ قبل ازیں وائیٹ ہاؤس کے بیان میں کہا گیا، ’’صدر اوباما اور خاتون اول منگل 27 جنوری کو ریاض کا سفر کریں گے تاکہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور مرحوم شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو پرسہ دے سکیں

… لہٰذا، ہم نے ہندوستانی حکومت کے ساتھ رابطے میں شیڈول کو کچھ بدل دیا تاکہ صدر منگل کو اپنی تقریر کے بعد ہندوستان سے سفرِ واپسی کے دوران یاض میں توقف میں کرسکیں، جہاں وہ شاہ سلمان اور دیگر سعودی عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں امریکی عوام کی طرف سے پرسہ دیں گے۔ صدر موصوف کو تاسف ہیکہ وہ اس سفر کے دوران آگرہ کا دورہ کرنے سے قاصر رہیں گے۔ نائب صدر بدستور واشنگٹن میں رہیں گے‘‘۔ یہ بیان جو نئی دہلی میں امریکی ایمبیسی کی جانب سے جاری کیا گیا، اس میں یہ بھی تذکرہ ہیکہ ابتداء میں امریکی نائب صدر سعودی عرب کو صدر موصوف کی طرف سے وفد کی قیادت کرتے ہوئے جانے والے تھے۔ ’’جب صدر اور نائب صدر کے سفری پروگرام واضح تر ہوگئے، ہم نے دیکھا کہ جس وقت نائب صدر ریاض میں موجود ہوں گے

تب ہی صدر کی ہندوستان سے روانگی مقرر ہے،‘‘ وائیٹ ہاؤس کے بیان میں اس کے ساتھ یہ نشاندہی کی گئی کہ اسی لئے اوباما کے شیڈول میں ردوبدل کیا گیا۔ دریں اثناء جب امریکیوں نے صدر کے پروگرام میں تبدیلی کے تعلق سے مطلع کردیا تو تمام متعلقہ سکیورٹی ایجنسیوں اور مقامی نظم و نسق کو اس سے واقف کرا دیا گیا ہے۔ اوباما قبل ازیں طئے شدہ پروگرام کے مطابق اپنی شریک حیات میشل کے ہمراہ منگل کو تاج محل کے شہر کا دورہ کرنے والے تھے، جس کیلئے وسیع تر سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ امریکی صدر جو وزیراعظم نریندر مودی سے بات چیت کیلئے اور یوم جمہوریہ تقاریب میں مہمان خصوصی بننے کیلئے نئی دہلی کل پہنچ رہے ہیں، 27 جنوری کو ہندوستان سے روانہ ہوجائیں گے۔