نئی دہلی ۔ یکم / ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی سے امریکہ کے صدر بارک اوباما نے آج یہاں ملاقات کی ۔ اس سال جنوری میں اوباما کے وہائیٹ ہاؤز چھوڑنے کے بعد ان دونوں قائدین کی یہ پہلی ملاقات تھی ۔ جس کے بعد وزیراعظم مودی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’سابق صدر بارک اوباما سے پھر ایک مرتبہ ملاقات ، ان کے زیرقیادت اوباما فاؤنڈیشن کی طرف سے کی جانے والی مساعی اور ہند ۔ امریکی حکمت عملی کے تعلقات میں مزید پیشرفت کیلئے ان کے نظریات کے بارے میں جان کر خوشی ہوئی ہے ‘‘ ۔ سابق صدر اوباما جوگزشتہ روز دہلی پہونچے تھے ۔ آج یہاں ایک میڈیا گھرانے کے زیراہتمام منعقدہ چوٹی کانفرنس سے خطاب کیا ۔ اوباما نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو اپنی مسلم آبادی کو پروان چڑھانے اور آگے بڑھانے کی ضرورت ہے جو ہم آہنگ و مربوط ہے اور خود کو ہندوستانی تصور کرتی ہے ۔ اوباما نے مزید کہا کہ یہ ایک ایسا نظریہ ہے جس کو لاگو کیا جانا چاہئیے ۔ اوباما وہ پہلے امریکی صدر بھی تھے جنہوں نے یوم جمہوریہ ہند تقاریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی تھی ۔علاوہ ازیں وہ امریکہ کے ایسے پہلے صدر بھی ہیں جنہوں نے اپنی صدارت کے دوران دو مرتبہ ہندوستان کا دورہ کیا تھا ۔