واشنگٹن ؍ بیجنگ ، 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر براک اوباما جمعہ کو دلائی لاما سے ملاقات کر رہے ہیں جبکہ چین نے اپنے فوری ردعمل میں اس ملاقات کے بارے میں اپنے ’’ شدید تحفظات ‘‘ کا اظہار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جمعرات کو رات گئے ایک بیا ن میں کہا گیا کہ صدر اوباما ، دلائی لاما سے ملاقات ’’ ان کی ایک محترم مذہبی اور ثقافتی رہنما کی حیثیت‘‘ میں کر رہے ہیں۔ چین کی وزارت خارجہ نے فوری ایک بیا ن میں امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس ملاقات کو منسوخ کردے اور اسے ’’شدید مداخلت‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے چین ۔امریکہ تعلقات کو ’’شدید نقصان ‘‘ ہو گا۔ چین دلائی لاما کو ایک خطرناک ’’علیحدگی پسند‘‘ گردانتا ہے جنہوں نے تبت کے لوگوں کو خودسوزی پر اکسایا لیکں دلائی لاما ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ امریکہ تبت کو چین کا حصہ تسلیم کرتے ہوئے تبت کے لوگوں کی آزادی کا حامی نہیں لیکن وہ چین کے تبتی علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتا رہا ہے۔ امریکہ نے چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دلائی لاما یا ان کے نمائندوں سے بغیر کس پیشگی شرائط کے بات چیت دوبارہ شروع کریں۔ اس سے پہلے صدر اوباما دلائی لاما سے 2010ء اور 2012ء میں ملاقات کر چکے ہیں۔