واشنگٹن ۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر براک اوباما اپنی نظم و نسق کی ایشیا پیسیفک حکمت عملی کے تحت نومبر میں چین ، برما اور آسٹریلیا کا دورہ کرتے ہوئے کلیدی علاقائی چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور G-20 قائدین سے ملاقات کریں گے ۔ ایک سینئر امریکی عہدیدار نے کہا کہ بیجنگ میں اوباما 10 اور 11 نومبر کو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن سمٹ میں حصہ لیں گے ، جس کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی چینی صدر نے مدعو کیا ہے ۔ اوباما 12نومبر کو برما جائیں گے اور 15 اور 16 نومبر کو آسٹریلیا کے دورہ پر ہوں گے ۔ امریکی صدر آسٹریلیا میں بھی کلیدی اجلاسوں میں شرکت کریںگے۔
اوباما کی بیرونی جنگجوؤں پر
سلامتی کونسل میٹنگ کی تجویز
واشنگٹن ۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر براک اوباما اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی آئندہ ماہ میٹنگ طلب کریں گے جو شام اور عراق میں بیرونی جنگجوؤں سے درپیش خطرے کے موضوع پر ہوگی ۔ وائیٹ ہاؤس نے اسلامک اسٹیٹ برائے عراق و شام کی طرف سے شام میں لڑنے والے ایک اور امریکی جہادی کی موت کی خبروں کے درمیان یہ بات کہی ہے ۔ ایک اندازہ کے مطابق لگ بھگ 50 ممالک بشمول ہندوستان سے تعلق رکھنے والے بیرونی جنگجو آئی ایس آئی ایل کیلئے لڑ رہے ہیں ۔ ان میں سے تقریباً 100 کا تعلق امریکہ سے ہے ۔