اوباما کا قومی سکیورٹی کونسل ٹیم کے ساتھ اجلاس

واشنگٹن ۔ 17ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) صدر امریکہ بارک اوباما نے آج وائیٹ ہاؤس میں اپنی قومی سلامتی کونسل کی ٹیم سے ملاقات کی ا ورہاں تعطیلات کے دوران کسی ممکنہ خطرے کے موضوع پر اُن سے تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے پشاور میں ایک اسکول پر کئے گئے طالبان حملہ کے پس منظر میں پاکستان میں امریکی سکیورٹی کے موقف پر قومی سلامتی کونسل ٹیم کے ارکان سے بات چیت کی ۔ اس اجلاس کے بارے میں وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک پیغام میں کہا گیا کہ صدر اوباما نے پشاور کے اسکول میں ہوئے طالبان حملے جس میں 141 افراد جاں بحق ہوگئے ، کے تناظر میں امریکی سکیورٹی کے موقف پر بات چیت کی ۔ مذکورہ اجلاس میں نائب صدر جوبائیڈن ، قومی سلامتی مشیر سوسان رائس اور مختلف انٹلیجنس ایجنسیوں بشمول سی آئی اے اور ایف بی آئی کے سربراہان نے بھی شرکت کی ۔