اوآخر ستمبر چیف منسٹر تلنگانہ کا کیمپ آفس قابل استعمال

تعمیراتی کام ، تزئین نو ، آہک پاشی اور دیگر انتظامات زور و شور سے جاری

حیدرآباد۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر چندر شیکھر راؤ کی مہمانوں سے ملاقات اور جائزہ اجلاس کے انعقاد کیلئے نئے کیمپ آفس کا انتخاب عمل میں آچکا ہے اور اس ماہ کے اواخر تک چیف منسٹر کا یہ نیا کیمپ آفس پوری طرح سے قابل استعمال ہوجائے گا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب چیف منسٹر نے اسپیشل انٹلیجنس برانچ کے دفتر برائے بیگم پیٹ کو بطورِ کیمپ آفس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسے منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ مسٹر راؤ نے منظوری حاصل ہونے کے فوری بعد اس عمارت کی تزئین نو و آہک پاشی کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ اندرون 20 یوم اس کام کی تکمیل ہونے کا امکان ہے۔ ریاست کی تقسیم اور ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کو اقتدار کے حصول کے فوری بعد چیف منسٹر کیمپ آفس کا مسئلہ کافی چرچہ میں رہا۔ ابتداء میں چیف منسٹر نے بیگم پیٹ کے ہی علاقہ کندن باغ کے دو مکانوں کو بطور کیمپ آفس بنانے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ان عمارتوں میں ’واستو‘ کی خرابی کے پیش نظر آہک پاشی کے کاموں کی تکمیل کے باوجود ان عمارتوں میں چیف منسٹر تلنگانہ کی رہائش گاہ اور کیمپ آفس بنانے کا فیصلہ ملتوی کردیا گیا۔ بالآخر مسٹر چندر شیکھر راؤ نے آندھرا پردیش چیف منسٹر کے لئے تعمیر کردہ سی ایم کیمپ آفس واقع بیگم پیٹ میں واستو کی معمولی تبدیلی کے بعد اس عمارت میں منتقلی کا فیصلہ کیا لیکن کیمپ آفس میں چیف منسٹر کی حیثیت سے وہ بیرونی مندوبین و مہمانوں سے ملاقات سے گریز کررہے ہیں اور سیکریٹریٹ میں ہی مہمانوں سے ملاقات اور جائزہ اجلاس کے انعقاد کو ترجیح دے رہے ہیں، لیکن اس نئے کیمپ آفس (سابقہ اسپیشل انٹلیجنس برانچ) کے تعمیری و تزئین نو کے کاموں کی تکمیل کے فوری بعد چیف منسٹر تلنگانہ کی دفتری مصروفیات بالخصوص مہمانوں سے ملاقات اور جائزہ اجلاس کا انعقاد اس عمارت میں ہوگا۔ ذرائع کے بموجب مذکورہ عمارت میں کشادہ و وسیع کمروں کے علاوہ پارکنگ کی سہولت کی موجودگی کے علاوہ اسی عمارت کی خوبصورتی نے چیف منسٹر کو کافی متاثر کیا ہے۔ حکومت کی منظوری کے بعد اس عمارت کی تزئین نو کے لئے 5 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں تاکہ جلد از جلد کاموں کی تکمیل انجام دی جاسکے۔ چیف منسٹر کے دفتری ذرائع کے بموجب اس عمارت میں جائزہ اجلاس کے انعقاد کے علاوہ مہمانوں سے ملاقات اور دیگر مصروفیات انجام دی جائیں گی جبکہ موجودہ رہائش گاہ میں ہی چیف منسٹر کا قیام رہے گا۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ چوتھے چیف منسٹر ہیں جو اس عمارت میں قیام کررہے ہیں۔ سابق میں ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی، مسٹر کے روشیا اور مسٹر کرن کمار ریڈی اس رہائش گاہ سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔