حیدرآباد 29 ستمبر (این ایس ایس) پولیس انکاؤنٹرس کے خلاف ’تلنگانہ ڈیموکریٹک فرنٹ‘ کے زیراہتمام تقریباً 400 تنظیموں کی جانب سے 30 ستمبر کو منظم کئے جانے والے ’چلو اسمبلی ‘ جلوس میں رکاوٹ پیدا کرنے ٹی آر ایس حکومت کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے سی پی آئی کی تلنگانہ ریاستی کونسل نے آج واضح کیاکہ حکومت اور پولیس کی رکاوٹوں کے باوجود چلو اسمبلی جلوس معلنہ پروگرام کے مطابق منظم کیا جائے گا۔ سی پی آئی نے ٹی آر ایس حکومت کو وارننگ دی کہ بائیں بازو جماعتوں کے کارکن حکومت اور پولیس کے اِس رویہ کے خلاف سخت موقف اختیار کریں گے۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے چلو اسمبلی جلوس کو کامیاب بنانے عوام سے اپیل کی۔ اُنھوں نے کہاکہ مجوزہ جلوس میں رخنہ اندازی غیر جمہوری ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ مجوزہ جلوس سے قبل پولیس کی جانب سے نلگنڈہ، محبوب نگر، نظام آباد، رنگاریڈی اور حیدرآباد میں بائیں بازو کی جماعتوں کے کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ کئی قائدین گھر پر نظربند جیسی صورتحال کا سامنا کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں چلو اسمبلی پروگرام کو ناکام بنانے کے لئے سڑکوں کی ناکہ بندی کی جارہی ہے۔