انکاؤنٹرس، یوپی پولیس کی حکمت عملی کا اہم حصہ

نئی دہلی 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ڈائرکٹر جنرل پولیس او پی سنگھ نے کہا ہے کہ پولیس انکاؤنٹرس دراصل ان کی ریاست میں خوفناک مجرمین کو گرفتار کرنے کی انتہائی منظم و منصوبہ بند حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ریاستی پولیس سربراہ نے کہاکہ ریاست میں مارچ 2017 ء کے دوران یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں حکومت کے قیام کے بعد سے مختلف انکاؤنٹرس میں تاحال کم سے کم 63 مجرمین ہلاک کئے جاچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کے مختلف اضلاع میں اس مدت کے دوران کی گئی ایسی ہی کئی کارروائیوں میں چار ملازمین پولیس ہلاک اور زائداز 500 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ او پی سنگھ نے کہاکہ ’’انکاؤنٹر دراصل انسداد جرائم کی ایک احتیاطی تدبیر ہے۔ حقیقت میں یہ اگرچہ ریاست کی پالیسی نہیں ہے لیکن یہ پولیس کی ایک مؤثر حکمت عملی ضرور ہے۔ ہم اس کو انکاؤنٹر نہیں کہتے بلکہ پولیس مہم ؍ کارروائی کہہ سکتے ہیں۔ جب ہم انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کے ساتھ مجرمین کا سامنا کرتے ہوئے ان سے نمٹتے ہیں‘‘۔