انکاؤنٹر میں پولیس سپرنٹنڈنٹ ہلاک

گوہاٹی۔/6جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) آسام کے ہمرین ڈسٹرکٹ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ ہوئے انکاؤنٹر میں یک پولیس سپرنٹنڈنٹ ہلاک ہوگیا۔ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق مہلوک سپرنٹنڈنٹ دراصل ایک دھاوے کی قیادت کررہے تھے جس میں پولیس کی تین پارٹیاں شریک تھیں۔ کے ایل پی عسکریت پسندوں نے گذشتہ ہفتہ سے اس علاقہ میں تشدد کا بازار گرم کررکھا تھا جس کے بعد انہیں ( عسکریت پسندوں ) ٹھکانے لگانا ضروری تھا لیکن حیرت انگیز طور پر عسکریت پسند ایسے عصری ہتھیاروں سے لیس تھے جو پولیس عہدیداران کے پاس بھی نہیں تھے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ کوئی عسکریت پسند ہلاک نہیں ہوا بلکہ انہوں نے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ٹھکانے لگادیا۔ اس واقعہ کی مزیدتفصیلات کا انتظار ہے۔

عقیدت مند ندی میں بہہ گیا
ناسک۔/6جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک 23سالہ نوجوان جب یہاں گوداوری ندی میں مقدس ڈبکی کے لئے اُترا تو اسے ندی میں اُٹھنے والی لہروں اور گہرائی کا اندازہ نہیں تھا۔ ندی میں اُترتے ہی لہر یں اُسے بہا لے گئیں۔ یہ واقعہ کل شام رونما ہوا جب ممبئی شہر کے مجگاؤں نامی مقام کے ساکن بھاوک اشوک جین لہروں میں بہہ گیا۔ آج صبح تالکٹیشور نامی مقام سے آتش فرو عملہ اور دیگر بچاؤ کاری عملہ نے غرقاب شخص کی نعش کو ندی سے باہر نکالا۔