نئی دہلی،11دسمبر(سیاست ڈاٹ کام )پرائیویٹ طیارہ کمپنی انڈیگو ایئرلائنس کے جے پور سے کولکاتہ جانے والے طیارے میں لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے دھواں بھرگیا جس کے بعد ہنگامی صورت حال کا اعلان کرتے ہوئے طیارے کو کولکاتہ میں صحیح سلامت اتارلیاگیا۔طیارے میں 136مسافر سوار تھے ۔سبھی کو ایمرجنسی ڈور سے محفوظ اتارا گیا۔مسافروں کے ذریعہ بنائے گئے ویڈیو میں طیارے کے کیبن میں دھواں صاف نظرآرہا ہے اور کیبن کرو فائر ایکسٹنگیوشر ہارتھ میں لئے ہوئے ہیں۔یہ ایئربیس کا اے -320نیو طیارہ تھا جس کے انجن میں پہلے خرابی شکایتیں آتی رہی ہیں۔ایئرلائن کے بیان میں کہاگیا ہے کہ اس طیارے میں کسی قسم کی خرابی کی پہلے کوئی شکایت نہیں آئی تھی۔فلائٹ نمبر 6ای -237 پیر کی رات جے پور سے کولکتہ جارہی تھی ۔انڈیگو نے کہا،‘‘کیبن میں دھویں کے خدشے کے بعد طیارے کو کولکاتہ میں ایمرجنیس لینڈنگ کرکے اتارا گیا۔سبھی مسافر اور پائلٹ عملے کے اراکین صحیح سلامت ہیں۔