انڈین یونین مسلم لیگ کے دفتر پر حملہ، یوڈی ایف ارکان کا ایوان سے واک آوٹ

ترواننتاپورم 24جنوری(سیاست ڈاٹ کام)کیرالا میں انڈین یونین مسلم لیگ کے ملاپورم کے دفتر پر حالیہ دنوں ہوئے حملہ کے خلاف کیرالا اسمبلی میں کانگریس کی زیرقیادت اپوزیشن اتحاد یوڈی ایف کے ارکان نے آج ایوان سے واک آوٹ کیا۔ ان ارکان کاالزام ہے کہ مسلم لیگ کے دفترپرحملہ میں مبینہ طورپر حکمراں سی پی آئی ایم کی طلبہ تنظیم ایس ایف آئی کاہاتھ ہے ۔ اپوزیشن ارکان نے الزام عائد کیاکہ حملہ کے واقعہ پر پولیس خاموشی تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ مسلم لیگ، یوڈی ا یف کی کلیدی رکن ہے ۔ 22 جنوری کوضلع ملاپورم کے علاقہ پریناتھالا منا میں مسلم لیگ کے دفتر کو حملے کا نشانہ بنایاگیاتھا تاہم اس سلسلہ میں تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ ان ارکان نے داخلہ کے قلمدان رکھنے وا لے وزیراعلی پینارائی وجین پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ وہ حملہ پر کوئی کاروائی نہیں کررہے ہیں اور پولیس اس معاملہ کی جانچ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ ان ارکان نے مزید الزام عائد کہ اس واقعہ کے منگل کومنعقدہ احتجاجی جلسہ جس میں یوڈی اے کے رہنما شریک تھے پرپولیس نے آنسوگیاس کے شیل برسائے ۔وزیراعلی نے یقین دہانی کروائی کہ قصوروراوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے خلاف 45افراد کو حراست میں لیاگیاہے۔
تاہم اپوزیشن ارکان نے حکمراں اتحاد پر طلباء تنظیموں کو تشدد پرابھارنے کاالزام عائد کرتے ہوئے ا یوان سے واک آوٹ کیا۔ قبل ازیں مسلم لیگ کے دفترپرحملہ کے واقعہ پر پیش کی گئی تحریک التوا کی نوٹس پر مسلم لیگ کے رکن اسمبلی ایم عمیر نے کہاکہ پارٹی دفترپرحملہ سی پی آئی ایم کی فاشزم اور عدم رواداری کی ایک مثال ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ حملہ آوروں کو مقامی پولیس کی سرپرستی حاصل ہے ۔ اپوزیشن یوڈی ایف محاذ نے ایک دن کی ہڑتال کی جوتشددمیں تبدیل ہوگئی۔ مسلم لیگ کے پریناتھالا منا دفترمیں حملے کے خلاف منگل کو احتجاج کیاگیا۔ پولیس نے بتایاکہ آئی یوایم ا یل کی طلبہ تنظیم ‘مسلم اسٹوڈنٹ فیڈریشن ‘ اور حکمراں سی پی آئی ایم کی طلبہ تنظیم ایس ایف آئی کے درمیان ملاپورم کے آگاندی پورم پالی ٹیکنیک کالج میں پرچم کشائی کے معاملہ پر 21جنوری کو تنازعہ پیداہوگیاتھا جو مسلم لیگ کے دفتر پر حملہ کی وجہ بنا۔ ایوان سے واک آؤٹ کرنے سے قبل اپوزیشن لیڈر رمیش چنتلا نے کہاکہ اس واقعہ پتہ چلتا ہے کہ حکمراں سی پی آئی ایم ، ریاستی کالجوں کو پارٹی دیہاتوں میں تبدیل کرنا چاہتی ہے ۔ جھگڑے کی اصل وجہ ملاپورم میں ایس ایف آئی اور ایم ایس ایف کے درمیان پرچم کشائی ہے ۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ صرف سی پی آئی ایم ہی نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کو کیرل میں کام کرنے کا حق حاصل ہے ۔