نوجوان استفادہ کریں، ایئرمارشل بی سریش کی اپیل
حیدرآباد۔ 24 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے تلنگانہ کے بیروزگار نوجوانوں کو انڈین ایرفورس میں ایرمین کی جائیدادوں کیلئے اپنی قسمت آزمانے کا مشورہ دیا۔ ایرفورس انچارج پرسنل ایرمارشل مسٹر بی سریش نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انڈین ایرفورس میں تلنگانہ کے نوجوانوں کی بھرتی کیلئے انہیں مشورہ دینے کی اپیل کی ہے۔ کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ مسٹر نوین متل نے تلنگانہ کے نوجوانوں کو باوقار انڈین ایرفورس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے 29 ستمبر تک۔ www.airmenselection.gov.in ویب سائیٹ پر اپنے نام درج کراتے ہوئے انہیں انڈین ایرفورس میں موجود روزگار کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیا۔ اہل نوجوان آن لائن میں اپنے نام درج کرانے کے بعد درخواست کی پرنٹ حاصل کرتے ہوئے دوسرے اسناد کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے 13 اکٹوبر تک روانہ کردیں۔ درخواست گذاروں کیلئے انٹرمیڈیٹ، ایم پی سی گروپ میں 50 فیصد نشانات حاصل کرنا لازمی ہے اور ساتھ ہی 7 جولائی 1997ء تا 20 ڈسمبر 2000ء کے درمیان پیدا ہونے والے ہی درخواست داخل کریں۔ آئندہ سال فبروری 2017ء میں ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے ٹسٹ منعقد کیا جائے گا۔