حیدرآباد۔/24فبروری، ( این ایس ایس ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی شہری ہوا بازی پر ’’ انڈین ائیویشن 2016‘‘ پانچویں بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس کا افتتاح کریں گے جو 16 تا 20مارچ بیگم پیٹ پر منعقد ہوگی۔ صدر جمہوریہ نمائش کے حصہ کے طور پر فضائیہ کے مسحور کن مظاہرہ کا بھی مشاہدہ کریں گے۔ سکریٹری مرکزی شہری ہوا بازی راجیو نیان چوبے نے آج چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر ہوا بازی شو کے کامیاب انعقاد کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ صدر جمہوریہ اس پروگرام کا افتتاح کررہے ہیں لہذا غیر معمولی سیکورٹی انتظامات ہونے چاہیئے۔ ماضی کے برعکس اس بار میٹروریل کے کاموں کی وجہ سے کئی رکاوٹیں حائل ہیں اور پولیس کو یہ بات یقینی بنانی چاہیئے کہ ایر شو پر میٹرو ریل کے تعمیراتی کاموں کا اثر مرتب نہ ہو۔ ٹریفک کے خصوصی انتظامات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہوا بازی شو کے پارٹنر فکی سے خواہش کی کہ پروگرام کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کریں ۔
حامد انصاری کا مجوزہ دورہ حیدرآباد
حیدرآباد۔/24فبروری، ( این ایس ایس ) نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری 5اور 6مارچ کو حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں۔ کمشنر انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن ڈپارٹمنٹ نوین متل نے بتایا کہ نائب صدر جمہوریہ 5مارچ کو 1:40 بجے دہلی سے روانہ ہوں گے اور 3:50 بجے حیدرآباد بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے۔ وہ آر ٹی سی ہال میں منعقد شدنی سمینار کا افتتاح کریں گے۔ نائب صدر جمہوریہ کا قیام راج بھون میں رہے گا۔ وہ 6مارچ کو گنبدان قطب شاہی کا دورہ کریں گے جہاں تزئین نو کا کام جاری ہے۔ بعد ازاں وہ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے دہلی کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔