مرلی وجئے ، پجارا کی ہاف سنچریوں کے بعد کپتان کوہلی و دیگر بیٹسمین ناکام ۔ لیفٹ آرم اسپنر سانٹنر اور سیمر بولٹ کو تین، تین وکٹیں
کانپور ، 22 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا نے ٹھوس شروعات کا فائدہ گنوا دیا کیونکہ مڈل آرڈر کے بکھراؤ نے انھیں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ کے آج یہاں افتتاحی روز 291/9 تک گھٹا دیا، حالانکہ مرلی وجئے اور چتیشور پجارا نے ہاف سنچریاں بنائیں۔ تاریخی 500 ویں ٹسٹ میں بیٹنگ کا انتخاب کرنے کے بعد انڈیا ایک موقع پر وجئے (65) اور پجارا (62) کے درمیان دوسری وکٹ کیلئے 112 رنز کی رفاقت کے بل بوتے پر 154/1 کے ٹیم اسکور پر اطمینان سے آگے بڑھ رہا تھا۔ تاہم کچھ نپی تلی بولنگ اور اس درمیان مڈل اور لوور آرڈر کی جانب سے ناقص شاٹ سلیکشن کی وجہ سے دوسری نئی گیند لینے کے بعد 16 رنز میں 4 وکٹیں گرگئیں۔ روہت شرما (35) کو پھر ایک بار اچھی شروعات ملی جسے انھوں نے دن کے اختتامی مرحلے میں گنوا دیا۔ روی چندرن اشوین بھی وکٹ پر ڈٹ گئے تھے یہاں تک کہ ٹرینٹ بولٹ کی شاندار گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ جہاں لیفٹ آرم اسپنر مچل سانٹنر (3/77) نے ٹاپ آرڈر کو دہلا ڈالا، وہیں بولٹ نے دوسری نئی گیند سے زبردست بولنگ کرتے ہوئے 17 اوورز میں 3/57 کے اعداد و شمار درج کرائے۔ اُن کی تمام وکٹیں دن کے آخری 10 اوورز میں حاصل کی گئیں۔ رویندر جڈیجا دن کے اختتام پر 11 پر بیٹنگ کررہے تھے
اور اُن کے ساتھ اومیش یادو (8) دیگر ناٹ آؤٹ کھلاڑی ہیں۔ گرین پارک کی وکٹ پہلے دن اسپن کیلئے بہت زیادہ سازگار دکھائی نہیں دی لیکن اس نے اسپنروں کو کچھ مدد ضرور فراہم کی۔ کیویز نے تین اسپنرز سانٹنر، آف اسپنر مارک کریگ اور لیگ بریک بولر ایش سوڈی کو قطعی گیارہ میں شامل کیا ہے، جنھوں نے مل کر 90 کے منجملہ 59 اوورز پھینکے۔ ہندوستان 154/1 پر اطمینان بخش موقف میں تھا کہ لوکیش راہول (32) آؤٹ ہوئے لیکن دو سیشنس کے دوران پھینکے گئے 15 اوورز کے وقفے میں چار وکٹیں گرگئے اور میزبانوں کو دفاع پر مجبور ہونا پڑا۔ روہت اور اشوین (40) نے مل کر چھٹی وکٹ کیلئے جدوجہد سے بھرپور 52 رنز جوڑے۔ روہت سے اپنے ٹسٹ کریئر کے اہم مرحلے میں بڑی اننگز کی توقع تھی اور ابتداء میں انھوں نے امید بھی جگائی لیکن سانٹنر کو مڈآن کے اوپر سے مارنے کی کوشش میں سوڈھی کو کیچ دے بیٹھے۔ ناقص شاٹس کھیلنے والے دیگر ہندوستانی بیٹسمنوں میں کپتان ویراٹ کوہلی (9) شامل ہیں جو نیل واگنر کی شارٹ گیند کو غلط پُل کرکے آؤٹ ہوگئے۔ بولٹ نے دن کے اپنے قطعی اسپل میں اشوین، وکٹ کیپر وردھیمان ساہا (0) اور محمد سمیع (0) کو آؤٹ کرتے ہوئے انڈیا کی پہلی اننگز کو لگ بھگ اختتام تک پہنچا دیا۔ تاہم جڈیجا اور اومیش 2.5 اوورز میں آؤٹ نہیں ہوئے اور ٹیم کو پہلے روز آل آؤٹ سے بچایا۔