جوہانسبرگ ۔ 2 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نئی صنعتی پالیسی متعارف کرنے کے بعد دنیا بھر کے لئے ترقی کا اگلا انجن ثابت ہوگا ۔ نئی صنعتی پالیسی میں موجودہ صنعتوں کی جدید کاری اور اسٹارٹ اپس میں اضافہ پر توجہ دی جائے گی ، مرکزی وزیر ہند سریش پربھو نے یہ بات کہی ، وہ جنوبی افریقہ میں ہندوستانی برادری سے مخاطب تھے ۔ وزیر تجارت و صنعت پربھو نے نئی پالیسی کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ پربھو اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد کی جوہانسبرگ میں قیادت کررہے ہیں جہاں انھوں نے دو روزہ انڈیا۔ ساؤتھ آفریقہ بزنس سمٹ 2018 ء میں حصہ لیا جس کا آغاز 29 اپریل کو ہوا تھا۔ پربھو نے کہاکہ 1956 ء کی اولین پالیسی سے بدلاؤ ہوگا جس نے صنعتکاری کو فروغ دیا تھا اور پھر 1991 ء کی پالیسی میں بھی ضروری ترامیم کی جائیں گی کیونکہ وہ پالیسی بعض مجبوریوں اور شدید معاشی بحران کے دوران پیش کی گئی تھی ۔ وزیرموصوف کے مطابق نئی پالیسی میں تین بڑے عناصر شامل ہوں گے جو موجودہ صنعتوں کی جدید کاری ، نئے صنعتوں کا قیام اور اسٹارٹ اپس میں اضافہ کرنا ہے ۔