سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، جناب عامر علی خاں اور دیگر شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد /5 دسمبر (محمد نعیم وجاہت) سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے انڈیا۔ عرب فرینڈ شپ فاؤنڈیشن کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فاؤنڈیشن ہند۔ عرب ممالک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس جابر پٹیل نے دہلی میں مذکورہ فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا، جس کے زیر اہتمام منعقد ہ تقریب میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، نائب صدر نشین راجیہ سبھا پی جی کورین، چیف منسٹر میگھالیہ مکل سنگما، گورنر اترا کھنڈ عزیز قریشی، سابق مرکزی وزراء ای احمد، رحمن خان، ارکان پارلیمنٹ اسرار الحق، محمد اسلم، ٹی جتیندر ریڈی، پی گووردھن ریڈی، مرلی موہن راؤ، وی ہنمنت راؤ، ڈپٹی فلور لیڈر تلنگانہ کونسل محمد علی شبیر، نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں، کانگریس قائدین خلیق الرحمن، عتیق احمد صدیقی، ایس کے افضل الدین، محمد جاوید احمد، اشفاق حسین اور دیگر نے شرکت کی۔ مسٹر پی جی کورین نے فاؤنڈیشن کے قیام پر جابر پٹیل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور عرب ممالک کے درمیان برسوں سے خوشگوار تعلقات ہیں۔ ان کی ریاست کیرالا کے ہزاروں افراد عرب ممالک میں روزگار سے جڑے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں ہندوستان نے ہمیشہ فلسطین کی تائید کی ہے۔ چیف منسٹر میگھالیہ مکل سنگما نے فاؤنڈیشن کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میگھالیہ کے شہر شیلانگ میں منعقد کرنے پر زور دیا اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ دریں اثناء عزیز قریشی نے کہا کہ ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے عرب ممالک سے خوشگوار تعلقات کی بنیاد رکھی۔ یہ انڈیا۔ عرب فرینڈ شپ فاؤنڈیشن نہرو کے خوابوں کی تعبیر ثابت ہوگا۔ مسٹر رحمن خان نے کہا کہ ہندوستان اور عرب ممالک کے تعلقات نصف صدی سے ہیں۔ ہر ہفتہ ہند اور عرب ممالک کے درمیان 800 ہوائی جہاز پرواز کرتے ہیں اور دونوں کے درمیان خوشگوار ٹریڈنگ پارٹنر شپ ہے، لہذا یہ فاؤنڈیشن اس تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ مسٹر ای احمد نے انڈیا۔ عرب فرینڈ شپ فاؤنڈیشن کے قیام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 7 ملین ہندوستانی عرب ممالک میں برسر روزگار ہیں۔ ہندوستان کے عرب ممالک سے ہمیشہ خواشگوار تعلقات رہے ہیں، اس کے علاوہ ہندوستان نے فلسطینی کاز کی ہمیشہ تائید کی ہے۔ مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ ہندوستان کے عرب ممالک سے قریبی تعلقات ہیں، جب کہ یہ فاؤنڈیشن تجارت اور ثقافت کو پروان چڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ مسٹر جابر پٹیل نے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے عرب ممالک کے مفادات کی ہمیشہ تائید کی ہے۔ جواہر لال نہرو نے اس دوستی کی بنیاد رکھی تھی، تاہم 50 سال میں یہ تعلقات کافی مستحکم ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عرب ممالک میں لاکھوں ہندوستانی روزگار سے وابستہ ہیں، جب کہ یہ فاؤنڈیشن تعلقات کو مستحکم کرنے کے علاوہ ہند۔ عرب ممالک کے درمیان پل کا رول ادا کرے گا۔ آخر میں مسٹر عتیق صدیقی نے شکریہ ادا کیا، جب کہ صابر پٹیل نے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔