سنگاپور ۔26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا میں آئے سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات میں اب تک 36 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بچاؤکارکن اب بھی سیلاب میں لاپتہ 22 افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ایک ادارے کے افسر ہریادی وارگا نے کل بتایا کہ اس ہفتے آئے اچانک سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات کے بعد اب تک 36 لوگوں کی نعشیں نکالی جاچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہونے والے قریب 6361 افراد اب بھی سرکاری عمارتوں اور فوجی مراکز میں مقیم ہیں۔
قومی آفات سے نمٹنے والی قومی ایجنسی کے ترجمان سوپوتو پروو نگروھو نے بتایا کہ مغربی جاوا کے گروت میں موسلادھار بارش کی وجہ سے اچانک سیلاب آ گیا جس میں تقریبا 951 مکانات تباہ ہوگئے اور ندیوں میں بہہ گئے۔بے گھر لوگوں کے لئے ہنگامی پناہ گاہیں تیار کی گئی ہیں اور عارضی مطبخ بنائے گئے ہیں۔ مغربی جاوا میں دوسری جگہوں پر بھی بھاری بارش ہوئی ہے اور چٹانیں گرنے کے واقعات ہوئے ہیں۔ جس سے تین افراد ہلاک ہوئے ۔