انڈونیشیا میں تیز بارش ، مٹی کے تودے گرنے سے 105 گھر ڈھیر

بنجارنگارہ ( انڈونیشیا ) ، 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) وسطی انڈونیشیا کے ایک گاؤں میں موسلا دھار بارش کے دوران مٹی کے تودے گرنے کے سبب کئی گھر زد میں آگئے اور تقریباً 18 افراد زندہ دفن ہوگئے ، دیگر 90 لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے ایک ترجمان نے کہاکہ وسطی جاوا صوبہ کے ضلع بنجارنگارہ کے گاؤں جمبلنگ میں جمعہ کی رات دیر گئے مٹی کے تودے گرنے سے 105 گھر کھنڈر میں تبدیل ہوگئے اور تقریباً 18 افراد زندہ دفن ہوگئے ۔ ادارہ کے ترجمان سوٹوپو پورونوبروہو نے کہا کہ راحت اور امدادی ٹیموں کے سینکڑوں کارکن جن میں سپاہی ، پولیس اور خود مقامی نوجوان بھی شامل ہیں ، ہفتہ کی صبح ملبہ کی کھدائی کا آغاز کیا اور نعشیں نکالی گئیں ۔ 420 افراد کو مقامی طورپر عارضی پناہ گاہوں میں ٹھہرایا گیا ہے ۔ سارے علاقہ میں دلخراش منظر دیکھا گیا ۔

کئی مہلوکین کی رشتہ دار نعشوں کی شناخت اور زخمیوں کو بچانے کیلئے پہونچ گئے تھے ۔ کیچڑ میں لت پت کئی زخمیوں کو ملبے سے نکالا گیا جنھیں ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے ۔ دواخانہ میں خواتین چیخ و پکار کرتی دیکھی گئیں۔ نوبروہو نے کہا کہ امدادی ٹیموں کے کارکنوں نے ملبہ سے آواز سنی ہے اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ملبہ میں پھنسے افراد مدد طلب کررہے تھے لیکن عصری آلات اور آوزار کی عدم دستیابی کے سبب زندہ بچ جانے والوں تک رسائی میں ناکامی ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں ہر طرف کیچڑ اور خراب موسم کے سبب امدادی کاموں میں رکاوٹ ہورہی ہے ۔ ملبہ کی صفائی کیلئے ٹریکٹرس اور بلڈوزر کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ ملبہ میں دفن گھروں کی صفائی کے دوران 18 نعشیں کیچڑ سے نکالی گئی ہیں۔ بچاؤ کارکن دیگر 90 لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔