فروغ سیاحت کیلئے سیلزمشن ، ڈپٹی ڈائرکٹر انڈونیشیائی ٹورازم توفیق نور ہدایت سے انٹرویو
ایس ایم بلال
حیدرآباد 26 جنوری ۔ انڈونیشیا سیاحت میں ہندوستان کا اہم رول رہا ہے جس کے سبب ہر سال سیاحوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ انڈونیشیا ٹورازم ڈپٹی ڈائرکٹر مسٹر توفیق نور ہدایت نے جو حیدرآباد میں انڈونیشیا کی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے حیدرآباد کے سیلز مشن پر آئے ہوئے تھے، کہاکہ 2015 ء میں 2,62,000 سیاحوں نے انڈونیشیا کا رُخ کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ ہندوستان انڈونیشیا کا اہم تجارتی شراکت دار رہا ہے اور ہندوستان میں محکمہ سیاحت کے لئے بھرپور مواقع موجود ہیں اور ہندوستان انڈونیشیا کے لئے ساتواں بڑا ذریعہ ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ انڈونیشیا پہونچنے والے ہندوستانی سیاح 7 تا 9 دن قیام کرتے ہیں اور یہ دونوں ملکوں کی ملی جلی تہذیب ہے۔ مسٹر توفیق نور ہدایت نے مزید بتایا کہ حیدرآباد کے علاوہ نئی دہلی، ممبئی، کولکتہ، احمدآباد، ٹاملناڈو میں بھی سیلز مشنس منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ سال 2016 ء میں 3,50,000 سیاحوں کا نشانہ پورا ہوسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستانی سیاح انڈونیشیا کے دو اہم مقامات جکارتہ اور بالی کی سیاحت کرتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ جکارتہ میں ہندوستانی سیاح تفریح کے لئے پہونچتے ہیں جبکہ بالی کا تجارتی مقاصد کیلئے سفر کرتے ہیں۔ ہندوستانی سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے انڈونیشیا نے ’’ویزا فری‘‘ (انڈونیشیا آمد پر ویزا) اسکیم کو متعارف کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور سیاحوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ انڈونیشیا جو ایک اسلامی مملکت ہے لیکن قدیم بدھ مندر موجود ہونے کے سبب کئی سیاح یہاں آتے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ سیاحت عوام کی خوشحالی کا ایک ذریعہ ہے اور ہر ملک کی ترقی کیلئے شعبہ سیاحت کا اہم رول ہوتا ہے۔ مسٹر نور ہدایت نے بتایا کہ ہندوستان میں انڈونیشیائی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے حکومت نے منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت نشانہ کو پورا کرنے کی طرف مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور انڈونیشیا کی سیاحت کو مزید فروغ دینے کے لئے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے۔