انٹیگریٹیڈ بی ٹیک کیلئے راجیو گاندھی یونیورسٹی آف نالج ٹکنالوجیز میں داخلہ کا اعلان

آن لائن ادخال فارم کی آخری تاریخ 24 مئی مقرر
حیدرآباد ۔ 26 اپریل (پریس نوٹ) راجیو گاندھی یونیورسٹی آف نالج ٹکنالوجیز (آر جی یو کے ٹی) نے 6 سالہ انٹیگریٹیڈ بی ٹیک پروگرم برائے سال 2019ء میں داخلہ کا آج اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بی ٹیک انٹیگریٹیڈ پروگرام کے سال اول میں داخلہ گریڈ پوائنٹ ایوایج (جی پی اے) اور مضمون وادی سطح پر حاصل کردہ گریڈ کے مطابق دیا جائے گا جبکہ ریاستی حکومت کے مطابق تحفظات پر عمل آوری ہوگی۔ حکومت کے مقرر کردہ قواعد کے مطابق دسویں جماعت کے جی پی اے کے تحت نان ریزیڈنشیل گورنمنٹ اسکولس بشمول ضلع پریشد، میونسپل اسکول میں تعلیم یافتہ معاشی طور پر کمزور طبقات کے طلبہ کو ترجیح دی جائے گی۔ آر جی یو کے ٹی باسرا میں 85 فیصد داخلے تلنگانہ ریاست سے تعلق رکھنے والے مقامی امیدوار کیلئے مختص رہیں گے جبکہ مابقی 15 فیصد نشستیں غیرمحفوظ زمرہ کے تحت تلنگانہ اور آندھراپردیش ریاستوں کے امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔ اسی طرح پانچ فیصد نشستیں گلوبل زمرہ کے تحت تلنگانہ و آندھراپردیش کے علاوہ خلیج میں برسرملازم افراد کے بچوں کو دیئے جائیں گے۔ گلوبل زمرے کی نشست کی فیس ایک لاکھ 36 ہزار سالانہ مختص ہے۔ گلوبل زمرہ کی نشستوں پر عدم داخلہ کی صورت میں ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے مقامی امیدواروں کو سالانہ ایک لاکھ 36 ہزار روپئے فیس ادائیگی پر داخلہ دیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح دو فیصد نشستیں بین الاقوامی ؍ این آر آئی طلبہ کو سالانہ 3 لاکھ ایک ہزار روپئے فیس کی ادائیگی کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔ آر جی یو کے ٹی نے چھ سالہ انٹیگریٹیڈ بی ٹیک پروگرام میں داخلہ کیلئے آن لائن درخواستوں کی اجرائی کا آغاز 29 اپریل سے ہوگا جبکہ آن لائن ادخال فارم کی آخری تاریخ 24 مئی مقرر ہے جبکہ درخواست کی ہارڈ کاپی ادخال کی آخری تاریخ 31 مئی مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کے انتخاب کی فہرست 10 جون 2019ء کو جاری کی جائے گی۔