تلنگانہ کے کلچر کو فروغ دینا مقصد، رن کا آغاز قلعہ ورنگل سے ہوگا
حیدرآباد 8 مارچ (سیاست نیوز) انٹیک حیدرآباد کی جانب سے کاکتیہ ہیرٹیج ٹرسٹ اور گو یونیسکو کے اشتراک سے 22 مارچ کو ’’گو ہیریٹیج رن‘‘ کا اہتمام کیا جائے گا جس کا مقصد کاکتیہ ہیریٹیج کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور تلنگانہ کے آرٹس کرافٹس اور کلچر کو فروغ دینا ہے۔ اس رن کے انعقاد کے لئے تلنگانہ ٹورازم ورنگل ڈسٹرکٹ اڈمنسٹریشن، آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (حیدرآباد سرکل) اور اسٹیٹ آرکیالوجی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تعاون کیا جارہا ہے۔ ملک کے بڑے رننگ گروپ، حیدرآباد رنرس کی جانب سے ورنگل رن کیلئے ٹکنیکل سپورٹ کی پیشکش کی جارہی ہے اور ممبرس بڑی تعداد میں اس رن میں حصہ لیں گے۔ اس رن سے ورنگل میں سیاحت کو فروغ ہوگا اور اس شہر کو ہیرٹیج کا بین الاقوامی مرکز بنانے میں مدد ہوگی۔ اس رن کا آغاز ورنگل کے قلعہ سے ہوگا اور اس میں حصہ لینے والے تاریخی قلعہ میں 1000 ستونوں کے مندر تک جائیں گے۔ اس میں حصہ لینے والوں کو ایک سرٹیفکٹ ، میڈل اور ایک منفرد آرٹ حاصل ہوگا۔ 21 مارچ کو ہزار ستون کے مندر میں کلچرل پروگرام ہوگا جس میں مقامی ڈانسرس کا پیرینی ڈانس مظاہرہ ہوگا۔ گو ہیریٹیج رنس، گو یونیسکو کی ایک پہل ہے جسے ہندوستان میں مختلف ہیرٹیج مقامات پر منعقد کیا جاتا ہے۔ قبل ازیں گو ہیریٹیج رنس، ہمپی، بیدر کرناٹک میں منعقد کئے گئے اور 2015 ء میں دیگر 6 ہیریٹیج مقامات پر اس رن کا اہتمام کرنے کا منصوبہ ہے۔