حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : الفا اینڈ اومیگا ایجوکیشن اینڈ رورل ویلفیر سوسائٹی کی جانب سے ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ کامیاب اور ناکام طلباء کو مرکزی حکومت کی پرادھان منتری کوشلیا وکاس یوجنا (PMKEY) اسکیم کے تحت روزگار سے مربوط اور ملازمت کے ضامن ایک ماہی مفت ہوٹل مینجمنٹ کورس کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ ریاست تلنگانہ میں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکیں ۔ یہ بات آج یہاں جنرل سکریٹری الفا اینڈ اومیگا ایجوکیشنل اینڈ رورل ویلفیر سوسائٹی مسٹر ٹی پی سامیل نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے طلباء جو ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ پاس یا فیل ہوں جن کی عمر 18 تا 28 سال کے درمیان ہو ، آدھار کارڈ اور بینک اکاونٹ رکھتے ہوں داخلہ کے اہل ہوں گے ۔ روزگار پر مبنی کورس کے دوران طلباء کوتھیوری کے علاوہ پراکٹیکل کے لیے اسٹار ہوٹلس ، ریسٹورنٹس اور ایم این سی کمپنیوں میں تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے متعین کیا جائے گا ۔ تربیت کے بعد ایک امتحان میں کامیاب ہونے والے طلباء کو 1500 روپئے اسٹائیفنڈ بھی دیا جائے ۔ ملازمت بھی فراہم کی جائے گی ۔ ایس ایس سی / انٹر کامیاب اور ناکام طلباء سے اپیل کی گئی کہ وہ ناگول ( حیدرآباد ) میں واقع الفا اینڈ اومیگا ایجوکیشنل اینڈ رورل ویلفیر سوسائٹی سے راست یا سیل فون نمبر 7674880005 پر ربط کریں ۔۔