انٹر میڈیٹ کے امتحانات کا اختتام

۔ 16 مارچ سے ایس ایس سی امتحانات کا آغاز
ہال ٹکٹس کی اجرائی ، ڈائرکٹر سرکاری امتحانات سدھاکر کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ سال اول و سال دوم امتحانات کا اختتام عمل میں آنے کے ساتھ ہی امتحانات ایس ایس سی 16 مارچ سے شروع ہو کر 3 اپریل تک جاری رہیں گے ۔ جب کہ امتحانات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔ ریاستی ڈائرکٹر تلنگانہ گورنمنٹ اگزامنیشن مسٹر سدھاکر نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاست بھر سے امتحانات میں جاریہ تعلیمی سال میں جملہ 5,52,302 طلباء وطالبات شرکت کریں گے ۔ امتحانات کے لیے ریاست بھر میں جملہ 2563 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ مسٹر سدھاکر نے مزید بتایا کہ اب تک جن طلباء وطالبات کو اپنے مدارس سے ہال ٹکٹس حاصل نہیں ہوئے ہیں ۔ ایسے تمام طلباء و طالبات سے اپنے ہال ٹکٹس آن لائن کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کرلینے کی خواہش کی اور کہا کہ ایسے طلباء وطالبات جو اپنے اپنے مدارس سے امتحانی ہال ٹکٹس حاصل کرلینے کے بعد کسی طرح سے کھو چکے ہوں وہ پریشان نہ ہو بلکہ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے ویب سائٹ bsetelangana.org کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کرلے سکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں ایسے طلباء وطالبات جنہیں اسکول ہیڈ ماسٹرس کی جانب سے کسی وجہ سے ہال ٹکٹس فراہم کرنے سے انکار کرنے پر ویب سائیٹ کے ذریعہ درخواست پیش کرتے ہوئے بعد ازاں مذکورہ ویب سائیٹ کے ذریعہ ہی اپنے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کرلے سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانات میں کسی بھی نوعیت کی بے قاعدگیوں کے تدارک کے لیے وسیع تر انتظامات کرتے ہوئے خصوصی اسکواڈز تشکیل دئیے گئے ہیں ۔۔