ہمدردی کا ایک لفظ بھی نہیں ، مخدوم بھون میں متاثرہ والدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔14مئی (سیاست نیوز) انٹر میڈیٹ امتحانات کے نتائج میںناکامی سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرنے والے انامیکا اوردیگر طلبہ کے والدین نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ہیڈکواٹر مخدوم بھون میںایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خودکشی کرنے والے بچوں کے تئیںحکومت کے رویہ کو قابل افسوس قراردیا ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے مذکورہ پسماندگان نے دو روزقبل ریاستی وزیر تلاسنی سرینواس یادو انامیکا کے گھرآئے تھے اور انہوں نے پسماندگان کو دلاسہ دینے کے بجائے الٹا انامیکا کے انتہائی اقدام کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ پسماندگان نے کہاکہ ہمیں حکومت سے کافی امیدیں وابستہ تھیں مگر مذکورہ وزیر کے اس طرح کے بیان نے ہم تمام کو افسردہ کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ سال اول او ردوم کے نتائج جس میں تین لاکھ سے زائد طلبہ جاریہ تعلیمی سال ناکام ہوگئے ہیں جس پر محکمہ تعلیم او رحکومت تلنگانہ کو شدید تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ایک ماہ سے زائد عرصہ گذرجانے کے بعد بھی حکومت تلنگانہ کے کسی نمائندے نے متاثرین سے نہ تو ملاقات کی اور نہ ہی انہیں انصاف کی طمانیت دی ہے ۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی نگرانی میں ایک کل جماعتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو خودکشی کرنے والے طلبہ کے پسماندگان اور مذکورہ امتحانات میں فیل ہونے والے طلبہ سے تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے ایک رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔ آج یہا ں مخدوم بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں متوفی طالبہ انامیکا کے والدین نے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر تلاسنی سرینواس یادو کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملاقات کے دوران وزیر موصوف نے ایک بھی ہمدردی کا لفظ پسماندگان کے لئے ادا نہیں کیا او رنہ ہی اس بات کا بھروسہ دلایا حکومت سے انہیں کچھ مدد فراہم کی جائے گی ۔ کنونیر کمیٹی ڈاکٹر سدھاکر نے بھی سرینواس یادو کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انٹر میڈیٹ نتائج میں بدعنوانیوں کے منظرعام پر آنے کے باوجود حکومت کے رویہ میںتبدیلی نہیں آئی ہے ۔ جب تک متاثرہ طلبہ اور پسماندگان کے ساتھ انصاف نہیںہوگا تب تک ہم اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔