انٹر میڈیٹ سال دوم کے امتحانات

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ سال دوم طلباء کے لیے پریکٹیکل امتحانات کا 3 فروری سے آغاز ہوگا ۔ جو کہ 22 فروری تک ( جملہ 20 یوم تک ) جاری رہیں گے ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن ریاست تلنگانہ کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ انٹرمیڈیٹ پریکٹیکل امتحانات کا صبح 9 تا 12 بجے اور دوپہر 2 بجے تا 5 بجے شام منعقد ہوں گے ۔ پہلی مرتبہ تجرباتی اساس پر پریکٹیکل امتحانات آن لائن کی مدد سے منعقد کیے جانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ امتحانی پرچہ جات کی ڈاؤن لوڈنگ اور نشانات وغیرہ ( نمبرات ) بھی آن لائن کے ذریعہ ہی کیے جائیں گے ۔ آن لائین سسٹم کے تعلق سے مکمل معلومات فراہم کرنے کے لیے تمام اضلاع میں لکچررس کو بہتر انداز میں مناسب تربیت ( ٹریننگ ) دی گئی ہے ۔ جب کہ حیدرآباد ضلع کے حدود میں 118 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ اسی دوران ڈی آئی ای او ( ڈسٹرکٹ انٹر میڈیٹ ایجوکیشن آفیسر ) مسٹر پی ایس ہرنیدراناتھ نے بتایا کہ جملہ اس سال جملہ 39,807 انٹر میڈیٹ طلباء پریکٹیکل امتحانات میں شرکت کریں گے اور ان پریکٹیکل امتحانات کے لیے تمام تر انتظامات و تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ ہر 20 طلبا پر مشتمل ایک بیاچ پریکٹیکل امتحان کے لیے بنایا گیا ہے اور ان پریکٹیکل امتحانات کے انعقاد پر نگرانی رکھنے اور جائزہ لینے کے لیے دیگر محکمہ جات کے اسٹاف کی خدمات حاصل کی گئیں ۔ مسٹر ہرنیدرا ناتھ نے مزید بتایا کہ پریکٹیکل امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو مقررہ وقت سے نصف گھنٹہ قبل امتحانی سنٹر پہونچنا ضروری ہوگا اور تاخیر سے پہونچنے والے طلباء کو پریکٹیکل امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ علاوہ ازیں طلباء کو چاہئے کہ وہ اپنے پریکٹیکل ریکارڈز اور ہربیریم وغیرہ ساتھ لے آئیں ۔ اور اس کے علاوہ پریکٹیکل امتحان کے لیے درکار اشیاء بھی ساتھ رکھنا ہوگا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ طلباء کو ہال ٹکٹس میں درج کردہ ( تجوید کردہ ) شیڈول کے مطابق ہی پریکٹیکل امتحانات کے لیے حاضر ہونا چاہئے ۔ بصورت دیگر طلباء کو نقصان سے دوچار ہونے کا انتباہ دیا گیا ۔ پریکٹیکل امتحانات کے پرامن و کامیاب انعقاد کے لیے بڑے پیمانے پر سخت اقدامات کیے گئے ہیں ۔۔