حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون : ( این ایس ایس) : بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی صدر و رکن اسمبلی تلگو دیشم مسٹر آر کرشنیا نے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر کڈیم سری ہری کی جانب سے تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ طلبہ کو مفت تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ۔ یہاں اس بات کا ذکر بے جا نہ ہوگا کہ کڈیم سری ہری نے ریاست کے 402 کالجس میں انٹر میڈیٹ کے 1.15 لاکھ امیدواروں میں مفت کتابوں کی تقسیم کے علاوہ فیس ادائیگی کا بھی اعلان کیا تھا جس پر بی سی ویلفیر کے قائد نے ڈپٹی چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ ریاست کے مختلف یونیورسٹیز کے ہاسٹلوں میں مقیم طلبہ کے میس چارجس میں بھی اضافہ کریں ۔ وزیر نے اس بات کا تیقن دیا کہ وہ مستحق طلبہ کے مسائل کا ازالہ کریں گے اور ممکنہ مدد کی جائے گی ۔ دوران اجلاس مسٹر کرشنیا نے وزیر کو تہنیت پیش کیا اور اس بات کا یقین ظاہر کیا کہ حکومت وعدہ کے مطابق طلبہ کی بھر پور مدد کر کے انہیں تعلیم سے آراستہ ہونے کا موقع فراہم کرے گی ۔۔