انٹرنیٹ پر دہشت گردوں کی تلاش آسان ہوگی

لندن، 27 اگست (یو این آئی) بلجیم نے انٹرنیٹ پر سرگرم اسلامی جہادیوں اور دہشت گردوں کی شناخت کیلئے ایک ایسے سافٹ ویئر کی خریداری کی منظوری دے دی ہے ، جس سے پلک جھپکتے ہی دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے ’ورچویل‘ دنیا کا استعمال کرنے والے لوگوں تک پولیس کی پہنچ ہو جائے گی۔ بلجیم ریڈیو نیٹ ورک ’’آرٹی بی ایف ‘‘ کے مطابق بلجیم کی کونسل آف منسٹرس نے گزشتہ روز سافٹ وئیر کی خریداری کی منظوری دے دی۔ اس سرچ انجن کے ذریعے ملک کا انٹلیجنس محکمہ اب تمام سوشل میڈیا ویب سائٹ سمیت پورے انٹرنیٹ کو اچھی طرح کھنگال پائے گا اور دہشت گرد خطرات اور شدت پسندوں کی شناخت کر پائے گا۔بلجیم کی فوج کی خفیہ ایجنسی ’’جی آئی ایس ایس ‘‘، پولیس اور قومی سلامتی سرویس شروعات میں اس سافٹ وئیر کا استعمال اپنے مقصد کیلئے کریں گے لیکن وہ آپس میں اس سے ملنے والی تمام اطلاعات کا اشتراک کریں گے جس سے دہشت گردوں کی شناخت آسانی سے کی جا سکے گی۔دو کروڑ 20 لاکھ یورو کی لاگت سے خریدے جانے والے اس سافٹ ویئر کیلئے چار سال کا معاہدہ کیا گیا ہے ۔ وزیر دفاع اسٹیون ویڈپٹ کے مطابق اس کی دیکھ بھال مناسب طریقے سے کی جائے گی۔ 22 مارچ کو بروسلز ایئرپورٹ اور ایک میٹرو اسٹیشن پر سلسلہ وار دھماکے ہوئے تھے جس میں 32 لوگ مارے گئے تھے۔