پنجی ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : جاریہ سال انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) میں مراٹھی اور ملیالی زبان کی فلموں کا بول بالا ہوگا جن میں ایوارڈ یافتہ فلمیں ’ یلو ‘ اور ’ نارتھ 24 کاٹھم ‘ بھی دکھائی جائیں گی ۔ آئندہ ماہ گوا میں منعقد شدنی فلم فیسٹیول کے انڈین پینوراما سیکشن میں ملیالم فلم انڈسٹری سے کافی دلچسپ فلموں کا انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ جن میں ابریڈ شائن کی کرکٹ کے موضوع پر بنائی گئی فلم ’ 1983 ‘ ، رومانٹک تھریلر ’ جان اسٹیولوپیز ‘ اور بلاک بسٹر ’ درشیم ‘ جیسی فلمیں شامل ہیں ۔ بالی ووڈ کی کمرشیل اور آرٹ فلمیں فیسٹیول پر چھاجاتی ہیں لیکن اب کی بار ملیالم اور مراٹھی زبان کی فلمیں ہندی فلموں پر سبقت لیجائیں گی ۔ ڈاکٹر پرکاش بابا آمٹے اور ان کی بیوی مندا کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’ دی رئیل ہیرو ‘ ، کرپشن کے موضوع پر بنائی گئی فلم ’ اے رینی ڈے ‘ اور بچوں کی فلم ’ قلعہ ‘ کے علاوہ ناقدین کی جانب سے سراہی گئی فلم ’ یلو ‘ سب کی توجہ کا مرکز ہوگی ۔