انٹرمیڈیٹ پریکٹیکل امتحانات کا آج سے آغاز

حیدرآباد۔ 11 فروری (سیاست نیوز) ریاست بھر میں آئندہ ماہ مارچ میں منعقد ہونے والے امتحانات انٹرمیڈیٹ سے متعلق پریکٹیکل امتحانات کا کل 12 فروری تا 4 مارچ انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور یہ پریکٹیکل امتحانات چار مرحلوں میں منعقد ہوں گے۔ سکریٹری ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ان پریکٹیکل امتحانات کیلئے 3,022 گورنمنٹ، ایڈیڈ، اے پی ریسیڈنشیل سوشیل ویلفیر اور خانگی غیرامدادی جونیر کالجس کی نشاندہی کرتے ہوئے پریکٹیکل امتحانی سنٹرس کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔ سکریٹری نے مزید بتایا کہ جاریہ سال جملہ 5.16,579 طلباء و طالبات پریکٹیکل امتحانات میں شریک ہوں گے جن میں 3,80,333 ایم پی سی اور 1,36,246 بی پی سی طلبہ شامل ہیں۔ ریاست بھر میں بہتر و پرامن پریکٹیکل امتحانات منعقد کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ان پریکٹیکل امتحانات کی نگرانی کیلئے سینئر لیکچررس کو بحیثیت پریکٹیکل ایگزامینرس کو تعینات کیا گیا ہے۔ ان امتحانات کے بہتر انداز میں انعقاد کیلئے فلائنگ اسکواڈز، ہائی پاور کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ایگزامینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے ضلعی سطح پر اسٹیٹ آبزرورس کو تعینات کیا جارہا ہے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے کسی بھی کالج انتظامیہ کی جانب سے کسی وجہ سے بھی پریکٹیکل امتحانات کیلئے طلبہ کو ہال ٹکٹس نہ دینے کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ اس طرح کی کوئی بھی شکایت سے نمٹنے کیلئے ریجنل انسپکشن آفیسرس بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔