کے ٹی آر کے دور میں خانگی کمپنی کو کنٹراکٹ، طلبہ کو انصاف دلانے
ایجی ٹیشن میں شدت پیدا کرنے کا اعلان
حیدرآباد ۔ 30۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ انٹرمیڈیٹ نتائج کے پس پردہ 10,000 کروڑ کا اسکام ہے۔ یہ کوئی معمولی مسئلہ نہیں بلکہ اس کے پس پردہ ایک بڑا مافیا کارفرما ہے ۔ ریونت ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریٹ کالجس بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے ملی بھگت کے ذریعہ اپنے طلبہ کو من مانی نشانات دلا رہے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ بورڈ بے قاعدگیوں کے ذریعہ طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس سنگین معاملہ پر چیف منسٹر کے سی آر خاموش کیوں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈر قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گلوبرینا کمپنی کو کنٹراکٹ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 2016 ء میں ایمسٹ کے افشاء کیلئے میگنیٹک نامی ادارہ ذمہ دار تھا ۔ اس وقت کا میگنیٹک اور آج کا گلوبرینا دونوں ایک ہی ہیں ۔ جے این ٹی یو کے نتائج میں ان دونوں اداروں نے دھوکہ دہی کی تھی جس پر ان کے خلاف کاکیناڈا میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ میگنیٹک کمپنی کے مالک وجئے رام اور ان کے فرزند پرادیومنا کا کے ٹی آر سے قریبی تعلق ہے ۔ 2016 ء میں ایمسٹ افشاء کے لئے ذمہ دار قرار دیئے گئے دونوں افراد کی مشتبہ حالت میں موت واقع ہوئی تھی ۔ اس معاملہ کو تحقیقات کے بغیر ہی ختم کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھلے ہی دونوں کمپنیوں کے نام الگ ہے لیکن ان کے مالک ایک ہی ہے۔ جس وقت کے ٹی آر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی تھے ، اس وقت کمپنی کو کنٹراکٹ دیا گیا لیکن کے ٹی آر گلوبرینا سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایمسٹ افشاء کا معاملہ دوبارہ کیوں نہیں اٹھایا گیا ۔ اس کی تحقیقات کے بارے میں عوام کو واقف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طالب علم کے جوابی پرچہ جات آن لائین رکھے جائیں۔ خودکشی کیلئے ذمہ دار افراد پر 304 اور 302 دفعات کے تحت مقدمہ درج کئے جائیں۔ دونوں کمپنیوں کے ذمہ داروں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کل تک اس معاملہ میں واضح موقف کا اعلان نہ کرے تو کانگریس پارٹی احتجاج میں شدت پیدا کردے گی ۔