انٹرمیڈیٹ نتائج میں دھاندلیاں، ریاست بھر میں کانگریس کا احتجاج،ضلع کلکٹریٹس پر دھرنا، قائدین کی گرفتاریاں، اتم کمار ریڈی ، بھٹی وکرامارکا ، وجئے شانتی اور دوسروں کی شرکت

حیدرآباد ۔ 25۔ اپریل (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج میں بے قاعدگیوں کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج ریاست بھر میں تمام ضلع کلکٹریٹس کے روبرو دھرنا منظم کیا۔ پارٹی نے وزیر تعلیم جگدیش ریڈی کی برطرفی اور بے قاعدگیوں کی ہائیکورٹ کے برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، سوریا پیٹ ، کاما ریڈی ، نظام آباد ، ورنگل اور دیگر اضلاع میں احتجاج کے موقع پر پولیس کے ساتھ بحث و تکرار کے نتیجہ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔ پولیس نے احتجاجیوں قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ حیدرآباد اور رنگا ریڈی کلکٹریٹس پر بڑی تعداد میں کانگریس کارکنوں کی موجودگی کے سبب پولیس کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اطراف کے علاقوں میں ٹریفک درہم برہم ہوگئی ۔ قائدین کو گرفتار کرتے ہوئے مختلف پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے سوریا پیٹ اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کھمم میں احتجاج کی قیادت کی۔ کانگریس کے احتجاجی پروگرام کو دیکھتے ہوئے پولیس نے کلکٹریٹس کے باہر وسیع حفاظتی انتظامات کئے تھے۔ حیدرآباد و رنگا ریڈی کلکٹریٹس کے ملازمین کو شناختی کارڈ کے ذریعہ داخلہ کی اجازت دی گئی۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اپنے حامیوں کے ساتھ حیدرآباد کلکٹریٹ پہنچے جہاں پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا ۔ گاندھی بھون سے انجن کمار یادو اور ایم کودنڈا ریڈی کی قیادت میں کارکن ریالی کی شکل میں حیدرآباد کلکٹریٹ پہنچے۔ حکومت اور وزیر تعلیم کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ قائدین نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی لاپرواہی کے نتیجہ میں تقریباً 20 طلبہ نے خودکشی کرلی ۔ حکومت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میں بے قاعدگیوں کی روک تھام میں ناکام ہوچکی ہے ۔ انجن کمار یادو ، کودنڈا ریڈی اور دیگر قائدین کو گرفتار کرتے ہوئے نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ جبکہ رنگا ریڈی کلکٹریٹ پر دھرنا دینے والے سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، مل ریڈی رنگا ریڈی، صدر ضلع کانگریس نرسمہا ریڈی اور دیگر قائدین کو مشیر آباد اور رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ سابق ایم ایل سی راملو نائک کو نامپلی پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو نے طلبہ کی خودکشی کے واقعات کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت اولیائے طلبہ سے معذرت خواہی کرے۔ انہوں نے بے قاعدگیوں کے ذمہ دار عہدیداروں کی گرفتاری کی مانگ کی ۔ اے آئی سی سی کسان سیل کے نائب صدر ایم کودنڈا ریڈی نے مہلوک طلبہ کے پسماندگان کو ایکس گریشیا کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ ورنگل میں کانگریس کی انتخابی مہم کمیٹی کی صدرنشین فلم اسٹار وجئے شانتی ، سدی پیٹ میں پردیش کانگریس کے کارگزار صدر پونم پربھاکر نے دھرنا میں حصہ لیا ۔