انٹرمیڈیٹ سال اول جنرل ، ووکیشنل نتائج کا اعلان

لڑکوں کی بہ نسبت لڑکیوں کا بہترین مظاہرہ، مشیر گورنر صلاح الدین نے نتائج جاری کیا

حیدرآباد ۔ 28 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی سطح پر گذشتہ ماہ مارچ میں منعقدہ امتحانات انٹرمیڈیٹ سال اول (جنرل اور ووکیشنل) کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ اعلان کردہ نتائج کے مطابق انٹرمیڈیٹ سال اول (جنرل) کے نتائج کا اوسط (55.84) فیصد اور ووکیشنل کے نتائج کا اوسط (42.98) فیصد رہا۔ آج یہاں دفتر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے احاطہ میں مسرس راجیشور تیواری پرنسپل سکریٹری محکمہ تعلیم، آدر سنہا کمشنر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکشن اور شنکر نائیک سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران مسٹر صلاح الدین احمد مشیر برائے ریاستی گورنر نے انٹرمیڈیٹ سال اول کے نتائج جاری کئے اور بتایا کہ انٹرمیڈیٹ سال اول (جنرل) میں جملہ (868744) طلباء و طالبات نے شرکت کی، جن کے منجملہ (4,85,069) طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کیں۔ کامیاب طلباء (لڑکوں) کی کامیابی کا اوسط (51.37) فیصد رہا جبکہ طالبات (لڑکیوں) کی کامیابی کا اوسط (60.52) فیصد رہا۔ جملہ (4,44,667) طلباء (لڑکوں) نے امتحانات میں شرکت کی جن کے منجملہ (2,28,428) طلباء کامیاب ہوئے جبکہ (4,24,077) طالبات (لڑکیوں) نے امتحانات میں شرکت کیں جن کے منجملہ (2,56,641) طالبات نے کامیابی حاصل کیں۔ اسی طرح انٹرمیڈیٹ سال اول ووکیشنل میں (59710) طلباء و طالبات نے امتحانات میں شرکت کی جن کے منجملہ (25,666) طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی۔ مسٹر صلاح الدین احمد نے انٹرمیڈیٹ سال اول کے نتائج کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ سال 2012ء میں نتیجہ کا اوسط (53.75) فیصد تھا۔ سال 2013ء میں نتیجہ کا اوسط (54.60) فیصد تھا اور سال 2014 میں نتائج کا اوسط (55.84) فیصد رہا۔ اسی طرح سال اول ووکیشنل کے سال 2012ء کے نتائج کا اوسط (33.20) فیصد، سال 2013ء میں نتائج کا اوسط (46.54) فیصد تھا اور سال 2014ء میں نتائج کا اوسط (42.98) فیصد رہا۔ انہوں نے بتایا کہ کامیاب و ناکام تمام طلباء و طالبات اپنے میمورنڈم آف مارکس 3 مئی سے حاصل کرسکتے ہیں۔ اگر میمورنڈم آف مارکس میں کوئی نقائص یا غلطیاں پائے جانے پر متعلقہ پرنسپل کے ذریعہ 27 مئی سے قبل تک بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو درخواستیں پہنچ جانی چاہئے اور انٹر سال اول کے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کی فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 مئی 2014ء ہوگی اور ان امتحانات کیلئے جرمانہ کے ساتھ فیس داخل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا ماہ مئی کے اواخر یا ماہ جون کے پہلے ہفتہ میں انعقاد ممکن ہوسکے گا۔ بتایا گیا کہ کامیاب طلباء امپرومنٹ کیلئے فی پرچہ 100 روپئے فیس داخل کرکے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحان میں اپنے حالیہ ہال ٹکٹ نمبر کے ساتھ ہی شرکت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا 25 مئی سے انعقاد عمل میں لایا جائے گا جوکہ یکم ؍ جون تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ مسٹر صلاح الدین احمد نے بتایا کہ ایسے طلباء و طالبات جو نشانات کی دوبارہ گنتی کروانا چاہتے ہوں اور جوابی بیاضات کی فوٹو کاپی و دوبارہ جانچ کروانا چاہتے ہوں انہیں چاہئے کہ نشانات کی دوبارہ گنتی کیلئے فی پرچہ 100 روپئے فیس اور جوابی بیاضات کی فوٹو کاپی و دوبارہ جانچ کروانا چاہتے ہوں وہ فی پرچہ 600 روپئے ای سیوا میں داخل کرکے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن میں پیش کریں اور اس تعلق سے فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 مئی ہوگی۔ بعدازاں آن لائن روک دی جائے گی۔