انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کی تاریخ میں توسیع

ویب سائٹ کی نامناسب کارکردگی کے سبب طلبہ کی اپیل پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے اقدامات
حیدرآباد۔ 2 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کیلئے امتحانی فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ میں پھر ایک مرتبہ دو دن کی توسیع کرتے ہوئے آخری تاریخ 4 مئی مقرر کی ہے جبکہ انٹرمیڈیٹ امتحانی فیس داخل کرنے کی 2 مئی آخری تاریخ تھی، لیکن ویب سائٹ کی نامناسب کارکردگی کے پیش نظر طلبہ کے والدین کی اپیل پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے مزید دو دن توسیع کرکے آخری تاریخ 4 مئی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکریٹری تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ڈاکٹر اشوک نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اسی طرح جاریہ ماہ 26 اور 27 مئی کے دن بعض مسابقتی امتحانات منعقد ہونے کو پیش نظر رکھتے ہوئے اڈوانسڈ انٹرمیڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات کے شیڈول کو بھی تبدیل کرنے کی متعدد اپیلیں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو حاصل ہورہی ہیں، لہذا امتحانات تحریر کرنے کیلئے طلبہ کو کسی بھی نوعیت کے مسائل وغیرہ پیش نہ آنے کیلئے سنجیدگی سے بورڈ کے عہدیدار غور کررہے ہیں۔ اس طرح انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانی شیڈول پر ازسرنو غور کرکے بہت جلد انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے شیڈول کو جاری کیا جائے گا۔ بورڈ امتحانی نتائج کی اجرائی میں ہوئی بے قاعدگیوں کے باعث طلبہ کی خودکشی کے واقعات کی روشنی میں امتحانی فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ میں اب تک ہی تین مرتبہ توسیع دینے کا اعلان کیا گیا اور دھاندلیوں میں ملوث ملازمین و عہدیداران انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہ کئے جانے کی وجہ سے ایک طرف طلبہ اور دوسری طرف اولیائے طلبہ میں غصہ پایا جارہا ہے لہذا ان تمام حالات کے پیش نظر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے قطعی طور پر پھر ایک بار امتحانی فیس داخل کرنے کیلئے مزید دو دن کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔