اننت کمار کو مرکزی کابینہ کا زبردست خراج

نئی دہلی13نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی کابینہ نے منگل کو ایک خصوصی میٹنگ میں پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک تعزیتی قرارداد پاس کی۔مسٹر اننت کمار کی طویل بیماری کے بعد سنیچر کی رات بنگلور کے ایک اسپتال میں ان کا انتقال ہوگیا تھا۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں یہاں ہوئی میٹنگ میں کابینہ کے اراکین نے دو منٹ خاموش رہ کر ان کے آتما کی شانتی کے لئے دعا کی۔ میٹنگ میں ایک تعزیتی قرارداد پاس کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مسٹر اننت کمار کی بے وقت موت سے ملک نے ایک تجربہ کار لیڈر کھودیا۔ کابینہ نے حکومت اور پورے ملک کی جانب سے ان کے کنبہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت پیش کیا۔ اس دوران مسٹر کمار ذمہ داری کے مختلف عہدوں پر رہتے ہوئے انہوں نے ملک کی جو خدمات انجام دیں اس تعلق سے لوگوں نے اپنے اپنے تجربات اس تعزیتی نشست میں پیش کیا۔مسٹر اننت کمار کی موت کینسر جیسے موذی مرض سے ہوئی۔ انہیں علاج کے لئے امریکہ بھی لے جایا گیا لیکن انہیں نہیں بچایا جاسکا۔ ان کی بیماری کا علم کافی دیر سے ہوا۔

اننت کمار کی آخری رسومات، اہم قائدین کا خراج عقیدت
بنگلورو 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور اننت کمار کے جسد خاکی کو آج مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ سپرد آتش کردیا گیا۔ اننت کمار کے چھوٹے بھائی نند کمار نے سمرتا برہمن روایات کے مطابق آخری رسومات انجام دیتے ہوئے چتا کو آگ دکھائی۔ اس وقت چمراج پیٹ شمشان گھاٹ پر پجاریوں کی طرف سے ویدک منتروں کی جاپ جاری تھی۔ اس موقع پر چتہ سے شعلے بلند ہورہے تھے، قائدین نے خراج عقیدت ادا کیا، امر رہے، امر رہے، امر رہے ، امر رہے اننت کمار امر رہے اور بھارت ماتا کی جئے کے نعروں سے فضاء گونج رہی تھی۔ سینئر بی جے پی لیڈر اور سابق نائب وزیراعظم ایل کے اڈوانی، وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ، بی جے پی کے صدر امیت شاہ اور ریاستی بی جے پی کے صدر بی ایس یدی یورپا بھی موجود تھے۔ مرکزی وزراء نرملا سیتارامن، روی شنکر پرساد، پیوش گوئیل، دھرمیندر پردھان، مہیش شرما، وجئے گوئل اور سدانند گوڑا بھی خراج عقیدت ادا کرنے والے دیگر قائدین میں شامل تھے۔