اننت پور میں دو فرقوں کے درمیان تصادم، 20زخمی

حیدرآباد۔ /5نومبر، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور کے ایک گاؤں میں عوام کے دو مختلف فرقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے گروپوں میں جھڑپ کے نتیجہ میں کم سے کم 20افراد زخمی ہوگئے جن میں چار ملازمین پولیس بھی شامل ہیں۔ پولیس نے کہا کہ دو دن قبل ایک مذہبی جلوس نکالنے کی اجازت نہ دیئے جانے پر پیدا شدہ تنازعہ پر اننت پور کے پدا واڈگور منڈل کے کشٹا پاڈو گاؤں میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور آج دو فرقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس مسئلہ پر ایک دوسرے پر سنگباری کی اور لاٹھیوں سے حملہ کردیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے گاؤں میں امتناعی احکام نافذ کردیئے ہیں۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ دونوں گروپوں کے درمیان سنگباری کے نتیجہ میں بشمول چار ملازمین پولیس 20افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کی دو گاڑیوں کے آئینے چکنا چور ہوگئے اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال صورتحال قابو میں ہے اور زائد سیکورٹی فورس مقام واقعہ پر روانہ کردی گئی ہے۔ پولیس نے قبل ازیں متصادم گروپوں کو منتشر کرنے کیلئے ابتدا میں لاٹھی چارج کیا تھا جس کے بے اثر ثابت ہونے پر 10راؤنڈ ہوائی فائرنگ کی گئی۔ اننت پور کے ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس راج شیکھر بابو نے کہا کہ اشرار پر نظر رکھی جارہی ہے۔