اننت ناگ ضلع میں گرینیڈ حملہ 2 سی آر پی اور5 عام شہری زخمی

سری نگر،31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں مشتبہ جنگجوؤں کی طرف سے جمعرات کو سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ پارٹی پر گرینیڈ پھینکنے سے سی آر پی ایف کے 2 اہلکار جبکہ 5 عام شہری زخمی ہوئے ۔یو این آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے شیر باغ چوک میں مشتبہ جنگجوؤں نے سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ پارٹی پر گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے 2 اہلکار جبکہ 5 عام شہری زخمی ہوئے ۔ زخمی ہوئے عام شہریوں میں 3 خاتون بھی شامل ہیں۔زخمیوں کو فوری علاج ومعالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک خاتون کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔